استنبول میں پاک افغان مذاکرات کا آغاز کل ہوگا

پاکستان اور افغانستان کے مابین استنبول میں کل پھر مذاکرات کاآغازہوگا۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارا وفد استنبول روانہ ہوگیا ہے اور کل افغان وفد کے ساتھ بات چیت ہوگی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان سے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو صورتحال خراب ہو سکتی ہے، ہماری سرزمین کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو وہی کریں گے جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمارا افغانستان سے ایک ہی مطالبہ ہے کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہاکہ خطے میں امن کے لیے افغانستان کو دانشمندی سے کام لینا چاہیے، اگر بات چیت میں پیشرفت کا امکان نہ ہو تو پھر مذاکرات وقت کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان اور افغانستان نے سیز فائر جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا، اور طے پایا تھا کہ مزید بات چیت 6 نومبر کو کی جائےگی۔
دونوں ملکوں کے درمیان یہ بات چیت قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں کی جارہی ہے، پاکستان نے افغانستان کے سامنے اپنا واضح مؤقف رکھا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔
