فوجی ڈرامے ’’صنف آہن‘‘ کا مجسمے عمرانڈوز نے گرا دیا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے کچنار پارک میں نصب خواتین فوجیوں پر بنائے گئے پاک فوج کے ڈرامے ’’صنف آہن‘‘ کے مجسمے کو نامعلوم افراد کی جانب سے نفرت انگیزی کا نشانہ بناتے ہوئے توڑ دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی عمرانڈوز نے کی ہے کیونکہ ان کا کپتان اس وقت فوج مخالف لانگ مارچ لیکر نکلا ہوا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر تصویریں بھی شیئر کی گئی ہیں جن میں مجسمے کو زمین پر گرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ یہ مجسمہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں واقع کچنار پارک کے اندر نصب تھا جس پر چند روز پہلے قوم یوتھ سے تعلق رکھنے والے گروہ نے حملہ کیا اور اسے زمین پر گرا ڈالا۔
بتایا جاتا ہے کہ تحریک انصاف کے حامی نوجوانوں نے عمران خان کا فوج کے خلاف غصہ صنف آہن کے مجسمے پر نکال ڈالا۔ یاد رہے کہ یہ ڈرامہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے بنایا تھا۔
ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی 7 خواتین اس کہانی میں پاکستانی فوج کے مختلف شعبوں میں جاتی ہیں۔ کچنار پارک کے نگران حافظ وسیم کے مطابق اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے حملہ آوروں کی شناخت کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لوہے سے تیار کردہ مجسمہ کافی بھاری ہے اور اسکی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر مجسمے پر شدت پسندوں کے حملے کی اطلاع پھیلنے کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام نے پارک کا دورہ کیا اور واقعے کی رپورٹ تیار کرنا شروع کر دی ہے۔ کچنار پارک کی انتظامیہ کے مطابق ’’صنف آہن‘‘ کا مجسمہ ایک ہار نہ ماننے والی بہادر خاتون سے منسوب ہے اور اسے پچھلے سال پارک میں نصب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے واقعے سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ‘کچنار پارک میں مجسمے کی توڑ پھوڑ کے افسوسناک واقعے کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اسکےعلاوہ تمام پارکوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، سی ڈی اے کے مطابق عملے کی غفلت کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹیکسٹائل برآمدات میں1.56 فیصد کی کمی ریکارڈ
سوشل میڈیا پر طاہر نعیم نامی صارف نے واقعے سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد آئی ایٹ کے معروف کچنار پارک میں مشہور مجسمے صنف آہن کو نامعلوم انتہا پسندوں نے نفرت انگیزی اور شرپسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کا شکار کر دیا، اس واقعے سے آپ معاشرے میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور شدت پسندی کی لہر کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
سینئر صحافی افتخار شیرازی نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’صنف آہن‘‘ ہار نہ ماننے والی خاتون سے منصوب اسلام آباد کے کچنار پارک میں لگا مجسمہ نامعلوم افراد نے گرا دیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس مجسمے کو گرانے کے واقعے میں تحریک انصاف کے کے عمرانڈوز ملوث ہیں۔
