ورلڈ کپ:پاکستان کےہاتھوں جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست

ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے بارش سے متاثرہ 23 ویں میچ کے دوران پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے دی ۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز اسکور کیے تھے، اہم میچ کو 14 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا، جس کے بعد پروٹیز کو جیت کے لیے 142 کا ہدف ملا۔

قومی ٹیم کے اوپنرز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےایک بار پھر ناکام رہے، کپتان بابراعظم نے 15 گیندوں پر 6 جبکہ محمد رضوان 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے، نوجوان بیٹر محمد حارث نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 11 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کیے، دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود 2، محمد نواز 28، محمد وسیم جونئیر 0 پر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد اور شاداب خان نے 82 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالا، دونوں نے بالترتیب 51 اور 52 رن کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے اینریچ نورٹجے نے 4، لونگی نگیڈی، وین پارنیل،کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، بارش سے متاثرہ میچ میں ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت جنوبی افریقی ٹیم 14 اوورز میں 9 وکٹون کے نقصان پر 108 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔اوپنر کوئنٹن ڈی کوک صفر، ریلی روسو 7، ایڈن مارکرم 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان ٹیمبا بووما نے 36 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں ہینرک کلاسن 15، ٹرسٹن اسٹبس 18، وین پارنیل 3 رنز بناکر نمایاں رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، شاداب خان اور نسیم شاہ نے 2، 2 جبکہ محمد وسیم جونئیر ایک وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

قومی ٹیم کے سکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔

جنوبی افریقہ کے سکواڈ کپتان ٹیمبا بووما، کوئنٹن ڈی کوک، ریلی روسو، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ٹرسٹن اسٹبس، وین پارنیل، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے، لونگی نگیڈی شامل تھے۔

Back to top button