سوڈان میں مظالم کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مطالبہ

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سوڈان میں جاری جنگ کے دوران ہونے والے مظالم پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے اور ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب گل قیصر سروانی نے دارفور کے معاملے پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر شہریوں کے خلاف حملے بند کرے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل پاسداری کرے۔

انہوں نے دارفور میں آر ایس ایف کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے، نسلی بنیادوں پر قتل، جنسی تشدد، جبری بے دخلی، غیر قانونی حراست اور شہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کی۔

اجلاس سے قبل بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی ڈپٹی پراسیکیوٹر نزہت خان نے سلامتی کونسل کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے دفتر نے حالیہ مہینوں میں دارفور میں ہونے والے جرائم کی تحقیقات میں اہم پیش رفت کی ہے۔

نزہت خان کے مطابق متعدد اہم گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں، جن کی بنیاد پر آئی سی سی سنگین جرائم کو مبینہ طور پر ملوث افراد سے جوڑنے میں پیش رفت کر رہی ہے۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں ہوا ہے جب آئی سی سی کو عالمی سطح پر دباؤ کا سامنا ہے۔ حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عدالت کے خلاف مہم شروع کرنے اور اسے ختم کرنے کی بات کی تھی۔ آئی سی سی کو نسل کشی، جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور جارحیت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔

پاکستانی مندوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ اکتوبر 2025 میں طویل محاصرے کے بعد الفاشر شہر پر قبضے اور اس کے بعد سامنے آنے والے واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ احتساب نہ ہونے کا ماحول تشدد کے تسلسل کو بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الجنینہ، الفاشر اور دارفور کے دیگر علاقوں میں ہونے والے جرائم میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

گل قیصر سروانی نے العبید شہر پر آر ایس ایف کے ممکنہ حملے کی اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دارفور میں ماضی کے واقعات کو دیکھتے ہوئے ایسی کسی بھی کارروائی سے سنگین بین الاقوامی جرائم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے بروقت، جامع اور قابل اعتماد احتساب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف براہ راست ملوث افراد ہی نہیں بلکہ جرائم کی مالی معاونت، سہولت کاری یا حمایت کرنے والوں کو بھی جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔

 

چینی حکومت چاہتی آئندہ انتخابات میں کامیاب نہ ہوں: صدر ٹرمپ

پاکستانی مندوب نے آئی سی سی کے پراسیکیوٹر دفتر کے ساتھ تعاون پر سوڈانی حکومت کو سراہا اور کہا کہ احتساب کا عمل سوڈان کی خودمختاری اور قومی اداروں کے اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سوڈان کے قومی عدالتی نظام کو مضبوط بنانا دیرپا اور مؤثر انصاف کے لیے ضروری ہے، جبکہ پاکستان سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

Back to top button