دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان، ایران کا مشترکہ کوششوں پراتفاق

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے بعددونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یاداشتوں اور معاہدوں پربھی دستخط کئے گئے۔
ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پُرتپاک استقبال کیے جانے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان ایران مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
پاکستان اور ایران کے مابین 8 سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے ۔
پاکستان اورایران کےدرمیان ویٹرنری اورحیوانات کی صحت سے متعلق معاہد ے،خصوصی اقتصادی زون کےقیام سے متعلق مشترکہ تعاون کےسمجھوتے ،پاکستان اورایران کےدرمیان عدالتی معاونت کے سمجھوتے ،سویلین معاملات میں عدالتی امورپر ایم اویو ،پاکستان،ایران کےدرمیان سکیورٹی تعاون کےایم اویو کی توثیق،پاکستان ،ایران کےدرمیان جوائنٹ فری اکنامک زون کی توثیق پردستخط کئے گئے۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو بھی کی اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے معاملے پر ایران نے مضبوط موقف اپنایا جو کہ قابل تعریف ہے، 35ہزار مسلمان شہید کردیے گئے اور عالم اقوام و عالم اسلام خاموش ہے، ہمیں مل کر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی، پاکستان فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح کشمیر کی زمین بھی بھارتی کی جانب سے ان کے لہو سے سرخ کردی گئی ہے پاکستان کشمیر میں بھی ظلم کو بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے، ایران نے کشمیر کے حق میں آواز بلند کی۔انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر فقہ اور قانون پر مہارت رکھتے ہیں، ہمیں اپنی سرحدوں پر کاروبار کو وسعت دینی ہوگی، ہمیں موقع ملاہے کہ اپنی دوستی کو مزید مضبوط کریں، ایران کے آزادی کے بعد سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے قابل احترام ہے، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ضروری ہے، فلسطین میں اسرائیلی ظلم کے خلاف پاکستان عوام کا ردعمل قابل تحسین ہے، غزہ کے عوام کی حمایت پر پاکستان کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، اقوام عالم، پاکستان اور دنیائے اسلام کو فلسطین کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی۔ فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور نسل کشی پر پاکستان کے موقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، فلسطین کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کررہی، ایک دن فلسطین کے لوگوں کو ان کا حق مل جائے گا۔
ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارت کے بہت مواقع ہیں ہمارا تجارتی حجم بہت کم ہے اسے بڑھانا ہوگا ، بارڈر مارکیٹ سے تجارت کا فروغ ہوگا اور نئی مواقع حاصل ہوں گے۔
