پاکستان بھارت اور امریکا کے درمیان دفاعی معاہدے کا جائزہ لے رہا ہے ، دفترِ خارجہ

پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے پر تبصرہ کرنا ابھی قبل از وقت ہے کیونکہ اس کے جنوبی ایشیا پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ آج صبح نافذ کیا گیا اور پاکستان خاص طور پر امن، سلامتی اور خطے میں استحکام کے حوالے سے اس کے اثرات کا تجزیہ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے جمعہ کو تصدیق کی تھی کہ امریکہ نے بھارت کے ساتھ 10 سالہ دفاعی فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ معاہدہ خطے میں دفاعی توازن اور استحکام کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون، معلومات کے تبادلے اور تکنیکی اشتراک میں اضافہ کرے گا۔
پیٹ ہیگسیتھ نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی سب سے اہم امریکی-بھارتی شراکت داریوں میں سے ایک ہے اور یہ سٹریٹجک اتحاد باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور بحیرہ ہند-بحرالکاہل خطے میں محفوظ و خوشحال ماحول کے عزم پر قائم ہے۔
یہ ملاقات کوالالمپور میں ہونے والی آسیان ڈیفنس منسٹرز میٹنگ-پلس کے موقع پر ہوئی۔
