پاک جنوبی افریقہ ون ڈے سیریز،ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین3میچوں پرمشتمل ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کل کھیلا جائے گا، پاکستانی کپتان شاہین آفریدی اور جنوبی افریقی کپتان میتھیو بریٹزی نے ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی۔
فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ پاکستانی وقت کے مطابق کل دوپہر 3 بجے مدمقابل ہوں گے۔
میچ کے لیے پاکستان ٹیم نے فیصل آباد میں جم کر پریکٹس کی، بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ کی خوب مشقیں ہوئیں۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی اعزاز کی بات ہے، نئی ذمے داری کو احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کروں گا اور فرنٹ سے لیڈ کرنے کی کوشش کروں گا۔کپتانی سے ہٹانا یا بنانا پاکستان کرکٹ کا معاملہ ہے ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جارہی سب لڑکے پر جوش اور پر امید ہیں جب کہ ہمارا مقابلہ ایک اچھی ٹیم سے ہے، جنوبی افریقہ اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے لیکن ہم نے بھی ٹی20 سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور لڑکے اچھی فارم میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں چمئینز کپ کا تجربہ اچھا تھا لیکن اب موسم بہتر ہے اور شام میں بال گیلا ہوگا، یہی سب چیزیں دیکھتے ہوئے فیصلے کریں گے۔
بابراعظم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ بابراعظم کی فارم میں واپس آنے کی خوشی ہے، اور یہ پاکستان کیلئےبہت ضروری تھا، لیکن وہ بڑے کھلاڑی ہیں اور وہ پچھلے کئی سالوں سے پاکستان کیلئے رنز بناتے آرہے ہیں۔
جنوبی افریقی کپتان میتھیو بریٹزی نے کہا کہ ہمیں فیصل آباد کی کنڈیشنز کا اتنا آئیڈیا نہیں ہے کیوں کہ یہاں زیادہ کرکٹ نہیں ہوئی، تاہم جلد سے جلد کنڈیشن سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔
