پاکستان کا بھارتی وزارتِ خارجہ کے آرمی چیف سے متعلق بیان پر سخت ردعمل

پاکستان نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے آرمی چیف سے متعلق ریمارکس کو مکمل طور پر مسترد کردیا۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے غیر سنجیدہ اور گمراہ کن بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان حقائق کو مسخ کرنے اور خود ساختہ بیانیہ گھڑنے کی بھارتی روایت کا ایک اور ثبوت ہے۔

ترجمان کے مطابق مبینہ "ایٹمی بلیک میلنگ” کا دعویٰ جھوٹ اور گمراہی پر مبنی ہے، جبکہ پاکستان ہر قسم کی طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جب بھارت کے سامنے حقائق رکھے جاتے ہیں تو وہ جنگی جنون اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لیتا ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے جس کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مکمل سول انتظام کے تحت چلتا ہے، اور حساس معاملات میں ہمیشہ ضبط اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا آیا ہے۔

دنیا بھر میں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف مسلسل اور مؤثر کوششوں کو تسلیم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور بھارتی الزامات بے بنیاد اور بغیر شواہد کے ہیں۔ ترجمان نے تیسرے ممالک کو ملوث کرنے کی بھارتی کوشش کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کی سفارتی کمزوری کا اظہار ہے۔

Back to top button