پاکستانی ریموٹ سیٹلائٹ نےمدار میں پہنچ کرکام شروع کردیا

پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں داخل ہو کر فعال ہوگیا ہے اور خلا سے ہائی ریزولوشن تصاویر زمین پر ارسال کرنا شروع کر دی ہیں۔
اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن کے ترجمان کے مطابق یہ سیٹلائٹ 31 جولائی 2025 کو چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا تھا۔ کامیاب لانچ کے بعد سیٹلائٹ نے زمینی اسٹیشنز سے مضبوط رابطہ قائم کیا اور عملی طور پر ڈیٹا ٹرانسمیشن شروع کر دی۔
ترجمان نے بتایا کہ جدید ترین تصویری صلاحیت سے لیس یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور علاقائی ترقیاتی منصوبوں میں انقلاب برپا کرے گا۔ اس کے ذریعے شہروں کے پھیلاؤ اور ترقی کے رجحانات کی مانیٹرنگ بھی ممکن ہوگی۔
مزید کہا گیا کہ یہ سیٹلائٹ قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور نقصانات میں کمی کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ سیلاب، زلزلے اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے واقعات کے دوران بروقت ڈیٹا فراہم کر کے ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جا سکے گا۔ سیٹلائٹ قومی ترقیاتی منصوبوں بالخصوص سی پیک کے لیے بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
