پرویز الٰہی نے پی ٹی آئی قیادت کو پھر وارننگ دے دی

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری  پرویز الٰہی نے  تحریک انصاف کی قیادت کو پھر وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہپی ٹی آئی کو چاہیے کہ غیرذمہ دارانہ بیانات نہ دے،  25 تاریخ کو اپنا حال یاد رکھے، ان کی زبانیں نکلی ہوئی تھیں۔

گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ پرویز الہٰی  نے خود کو  تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے اعتماد کا ووٹ دلانے کے اعلان سے علیحدہ کر لیااور کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، گورنر پنجاب کے غیرقانونی حکم کو نہیں مانتے ، وہ عمران خان کے وژن کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔  پرویز الہیٰ نے عمران خان کو قائد ا‏عظم کے بعد سب سے بڑا لیڈر بھی قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والےکم ازکم اپنے لیڈر عمران خان کی  بات کو فالو کریں، میں تو خود ویسے ہی کر رہا ہوں جو عمران خان کہہ رہے ہیں، بزدار کی حکومت یہ کام کرلیتی تو  یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، اللہ کو  نا شکری پسند نہیں، بڑی مشکل سے پی ٹی آئی کی حکومت سنبھل چکی ہے، ن لیگ کے نالائق پیچھےرہ جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےتحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے سوال پر جواب دیا کہ  آپ کوووٹ کی کیا جلدی، ووٹ کی ضرورت تو مجھے ہے، جو گورنر نےآرڈر دیا ہے ہم اسے مانتے نہیں، وہ غیر قانونی ہے۔

اس  کے علاوہ وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ نے کنٹریکٹ ڈاکٹروں کو ریگولر کرنےکا اعلان بھی کیا۔

واضح  رہے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کو عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے مطلوبہ نمبرز حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، مجلس وحدت المسلمین کی زہرہ نقوی اور  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مومنہ وحید اعلان کرچکی ہیں کہ وہ پرویز  الہیٰ کو ووٹ نہیں دیں گی،

یاد رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کو   21 دسمبر کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر کی ہدایت کو غیر آئینی قرار دے دیا اور اجلاس بلانے سے انکار کردیا یوں پرویز الہیٰ نے اعتماد کا ووٹ نہیں لیا تھا۔ اسی پاداش میں گورنر پنجاب نے 22 دسمبر کو پرویز الہیٰ کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب ڈی نوٹیفائی کردیا،نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یقین ہے وزیراعلیٰ کو اراکین اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد حاصل نہیں،اس نوٹیفکیشن کےبعد پنجاب کابینہ ختم ہوگئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پرویزالٰہی نئے قائد ایوان کے انتخاب تک عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے گورنر کے اس اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ 23 دسمبر کو ہونے والی سماعت میں پنجاب کے وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے عہدے پر بحال کیے جانے پرلاہور ہائیکورٹ کو اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد عدالت نے گورنر کا حکم معطل کرتے ہوئے پرویز الہیٰ اور پنجاب کابینہ کو بحال کر دیا،ہائیکورٹ نے پرویز الہیٰ کی اسمبلی نہ توڑنےکی انڈر ٹیکنگ پرانہیں بحال کیا اور تمام فریقین کو 11 جنوری کیلئے نوٹس جاری کر دیے۔ پرویز الہیٰ کے وکیل علی ظفر کا کہنا ہے کہ عدالت نے اجازت دی ہے کہ اگلی سماعت تک آپ اعتماد کا ووٹ لینا چاہیں تو لے سکتے ہیں۔

عمران کا منحرف سابق ارکان پنجاب اسمبلی سے ملاقات سے انکار

Back to top button