نیب کی ٹیم بشریٰ بی بی کی گرفتاری کیلئے پشاورپہنچ گئی

نیب کی ٹیم پاکستان تحریک انصاف کےبانی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو 190 ملین پاؤنڈریفرنس میں گرفتار کرنےکےلیےپشاور پہنچ گئی۔

نیب ٹیم نے بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے لیےخیبرپختونخوا پولیس سےبھی ٹیم مانگ لی،عدالتی حکم پر نیب کی ٹیم پشاور پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت اسلام آباد نےبانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کےخلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت میں مسلسل عدم پیشی پر جاری بشری بی بی کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقراررکھتےہوئےسماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی تھی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اوربشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈزریفرنس پرسماعت کےدوران جج ناصرجاوید رانا کی عدم دستیابی کے باعث کوئی کارروائی نہ ہوسکی تھی۔

عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر جاری بشری بی بی کےناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے ریفرنس پر مزید سماعت2 دسمبر تک ملتوی کردی تھی۔

22نومبر کو190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی گزشتہ سماعت پرعدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، وہ گزشتہ سماعت پر بھی اڈیالہ جیل میں ہونےوالی سماعت میں پیش نہیں ہوئی تھیں۔

اس سے قبل 15نومبرکوہونےوالی سماعت کےدوران احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈریفرنس میں طبی بنیاد پر سابق خاتون اول کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کی تھی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کےلیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کےذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالےسے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔

Back to top button