پیکاقانون کیخلاف پی ایف یو جے کا کل یوم سیاہ منانے کااعلان

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نےمتنازع پیکا قانون کےخلاف کل یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔
پی ایف یو جےنے ’پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) قانون کےخلاف31 جنوری بروز جمعہ کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا اور صحافی اداروں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے اے سی)نے بھی کل کے ملک گیر احتجاج کی حمایت کردی۔
پی ایف یو جے کے ملک گیر احتجاج میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی شرکت کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت آصف زرداری نے پیکا ترمیمی بل2025 پر دستخط کردیے تھے، جس کے بعد پیکا ایکٹ ترمیمی بل2025 قانون بن گیا ہے۔
23جنوری کو قومی اسمبلی نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل منظور کیا تھا،جبکہ یہ بل سینیٹ سے 28 جنوری کو منظور ہوا تھا۔
صحافتی تنظمیوں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نےمتنازع پیکا ایکٹ ترمیمی بل مسترد کردیا تھا اور اس کے خلاف عدالت سےرجوع کرنے اوراحتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
صحافی تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت قومی اسمبلی سے مشاورت کے بغیر متنازع بل منظور کروا کر وعدہ خلافی کی مرتکب ہوئی ہے، اس بل کا محور صرف سوشل میڈیا نہیں بلکہ اس کا ہدف الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بھی ہیں جس کا مقصد اختلاف رائے کو جرم بنا دینا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 22 جنوری کو پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔
