پی ٹی آئی احتجاج،راولپنڈی سے گرفتار 156ملزمان کاجسمانی ریمانڈمنظور
پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں اعلان کردہ احتجاج کے دوران پنجاب کے شہر راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیے گئے 156 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران راولپنڈی کے مختلف علاقوں صادق آباد، نیوٹاؤن اور دھمیال سے گرفتار191 ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی نےمقدمے کی سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے10 ملزمان کو تھانہ نیوٹاؤن میں درج مقدمے سےڈسچارج کردیا۔
اس کے علاوہ انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے156ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا، اس کے علاوہ عدالت نے تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمےمیں 69 ملزمان کا 6 روزہ ریمانڈ منظور کیا اور ملزمان کو4 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنےکاحکم دیا۔
عدالت نےصادق آباد اور دھمیال سے گرفتار 35 ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا۔اس کے علاوہ صادق آباد کی حدود سے گرفتار 77 ملزمان کا 5 یوم کا ریمانڈ منظور کیا اورملزمان کو 3 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں احتجاج کےبعد وفاقی دارالحکومت اورراولپنڈی کےمختلف تھانوں میں پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور و دیگر پارٹی رہنماؤں اور سیکروں کارکنان کےخلاف دہشتگردی سمیت دیگردفعات کے تحت متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے24نومبر کے احتجاج اور پرتشدد مظاہروں پرمختلف تھانوں میں مقدمات انسداد دہشت گردی ایکٹ کےتحت درج کیے گئے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے24 نومبر کواسلام آباد میں احتجاج کااعلان کیا تھا۔