وزیراعظم ن لیگ کا ، صدر پیپلز پارٹی سے ، فارمولہ بن گیا؟

آئیندہ الیکشن میں مسلم لیگ نون کو 75سے 80 نشستیں ملیں گی ، پیپلز پارٹی، 60سے 65نشستیں جیت لے گی ۔ مسلم لیگ نون ،وزارت عظمیٰ سنبھالے گی اور صدر مملکت کا عہدہ پیپلز پارٹی کے حصے میں آئے گا۔ جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان الیکشن سے قبل ہی سزا پا کر جیل میں ھوں گے ۔ یہ پیشن گوئیاں سینئر صحافی اور کالم نگار سہیل وڑائچ نے طاقت ور حلقوں سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں لکھی گئی اپنی ایک تحریر میں کی ہیں ۔ وہ لکھتے ہیں کہ فیصلہ ساز بھی مستقبل کے تانے بانے بُن رہے ہیں اور انکے بھی کچھ اندازے اور تخمینے ہیں جن کے مطابق یہ طے ہے کہ الیکشن جنوری نہیں تو فروری میں ضرور انعقاد پذیر ہونگے ،کوئی حادثہ یا انہونی نہ ہوئی تو یہ بھی واضح ہے کہ کھلاڑی خان الیکشن کے دوران جیل میں ہونگے اور الیکشن سے پہلے ہی نااہل بھی قرار دیئے جا چکے ہونگے۔ اعلیٰ سطح پر اندازہ یہ لگایا گیا ہے کہ آئندہ پارلیمان معلق ہو گی، کسی بھی جماعت کو قطعی اکثریت حاصل نہیں ہو گی ،سب سے زیادہ نشستیں لینے والی جماعت کو وزارت عظمیٰ ملے گی اور دوسرے نمبر پر آنے والی جماعت کو ملک کی صدارت ملے گی ۔ذرائع کے مطاق تخمینہ یہ لگایا گیا ہے کہ مسلم لیگ نون 75سے 80نشستیں جیتے گی جبکہ پیپلز پارٹی بھی 60 سے 65نشستیں حاصل کرلے گی ۔جب اس تخمینے کے حوالے سے پوچھا گیا کہ کیا اس کا مطلب یہ ھوا کہ نون لیگ والے وزارت عظمیٰ سنبھالیں گے تو جواب دیا گیا کہ نون اور جیالوں میں نشستوں کا کم ہی فرق ہوگا۔سوال کیا گیا کہ جیالوں کی اندرون سندھ سے 40نشستوں کی بات تو عقلی طور پر سمجھ آتی ہے باقی 25 نشستیں وہ کہاں سے حاصل کرینگے تو جواب آیا کہ کراچی بھی تو خالی پڑا ہے جیالے 8 سے 10نشستیں کراچی سے لے جائیں گے۔
سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی میں بڑھتی ہوئی خلیج کے حوالے سے بھی معاملات طے کئے جا رہے ہیں، جیالوں کی جارحانہ گولہ باری کے بعدنون لیگ والوں نے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے پینگیں بڑھانا شروع کر دی تھیں مگر لگتا ہے کہ نون اور جیالوں کے درمیان سیز فائر کرا دی جائے گی۔ پنجاب اور سندھ کی نگران حکومتیں یہ ٹکرائو نہیں چاہتیں۔ آئندہ الیکشن کے حوالے سے یہ معلوم ہوا ہے کہ امریکہ اور مغربی دنیا کے ممالک یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جلد از جلد الیکشن ہوں، ایک مغربی سفارتکار کے مطابق الیکشن جیسے بھی ہوئے وہ پاکستان کو آگے ہی لیکر جائیں گے اس لئے مغربی دنیا الیکشن، جیسے بھی ہوئے، ان کو قبول کرلے گی۔
سہیل وڑائچ کہتے ہیں کہ لیجئے اور بھی سنئے، جیسے جیسے مسلم لیگ نون کو یقین ہوتا جارہا ہے کہ انہیں اقتدار ملنے و الا ہے، ویسے ویسے انکے اندازو اطوار اور ان کا لہجہ تبدیل ہورہا ہے ۔اس کے لیڈر اور ترجمان جو برسوں تک جمہوری راگ الاپتے رہے تھے یکایک ریاستی بیانیے کے اسیر ہوگے ہیں، مصالحت کی بات کرنے والوں پر ناراض ہوتے نظر آ رہے ہیں، حد تو یہ ہے کہ اپنی ہی سابقہ حلیف پیپلز پارٹی کو یہ دھمکی دے رہے ہیں کہ وہ 90ء کی دہائی کی طرح ایم کیو ایم اور سندھ کے انتخابی گھوڑوں سے مل کر سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف حکومت بنا سکتے ہیں گویا ابھی اقتدار میں آئے بھی نہیں ہیں اور وہی پرانی سوچ پھر سے عود کر آئی ہے ۔خدا کرے نونی کچھ سیکھ سکے ہوں اور دوبارہ سے ملک میں محاذ آرائی کی سیاست شروع نہ کر دیں ۔ انہیں تو چاہئے کہ وہ انصافیوں کے ساتھ بھی مفاہمت کی راہ نکالتے، مگر وہ تو الٹا اپنی ہی اتحادی پیپلزپارٹی پر پل پڑے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ وہ اقتدار میں کسی کو بھی شریک نہیں کرنا چاہتے حالانکہ تاریخ نے یہ ثابت کیا ہے کہ یہ پالیسی غلط ثابت ہوئی ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی اور اٹھارہویں ترمیم نے جمہوریت،پارلیمان اور سیاست کو مضبوط کیا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کی آپس کی محاذ آرائی نے جمہوریت، پارلیمان اور سیاست کو ہمیشہ نقصان ہی پہنچایا ہے ۔
سہیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ اوپر والوں کے تخمینے ،اندازے اور سوچ جاننے کے بعد ضروری ہے کہ اس سرکاری نقشے کا تنقیدی جائزہ لیا جائے ۔حقیقت یہ ہے کہ اس وقت ملک کی سیاست اور معاشرہ تار تار ہے، سیاست میں تلخی اور نفرت عروج کو پہنچی ہوئی ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹوٹے ہوئے اس معاشرے کو جوڑنے کی کوشش کی جائے ،تقسیم زدہ سیاست کو مفاہمت کی طرف لیجایا جائے، اس کام کیلئے ایک نئے نوابزادہ نصراللہ خان کی ضرورت ہے وہی تھے جو ایم آر ڈی اور اے آر ڈی کے روح رواں تھے مگر آج کی سیاست میں ایک بھی نوابزادہ نصراللہ نہیں۔ نفرتوں کی حد یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ مفاہمت اور مصالحت کی بات کرنے والے پر نونی اور انصافی دونوں چڑھ دوڑے ہیں حالانکہ اس وقت سیاسی جماعتوں میں مفاہمت کے ساتھ ساتھ، پھر اہل سیاست اور مقتدرہ کے درمیان مصالحتی فارمولے کی اشد ضرورت ہے، نون کو کٹا پھٹا اقتدار مل بھی گیا تو وہ سیاسی انتشار کے ماحول میں حکومت کیسے چلائے گی۔ مقتدرہ کے ساتھ کوئی فارمولا طے نہ پایا تو کیا نواز شریف، کاکڑ جیسا وزیراعظم بننا قبول کریں گے ظاہر ہے کہ اس طرح نہ حکومت چل سکتی ہے اور نہ ہی نواز شریف ایسے بے اختیار وزیراعظم بننا چاہیں گے۔ پاکستان کو کامیاب بنانے کیلئے دوچار ٹر ضروری ہیں ایک سیاست دانوں کے درمیان اور دوسرا اہل سیاست اور مقتدرہ کے درمیان۔ اس گرینڈ مفاہمت میں طے ہونا چاہئے کہ سیاست دان ایک دوسرے کے خلاف دھرنے اور لانگ مارچ نہیں کریں گے فوج سے سازباز کرکے ایک دوسرے کو ہٹانے کے عمل میں شامل نہیں ہونگے۔دوسری طرف مقتدرہ اور عدلیہ کو بھی ماضی سے سیکھنا ہو گا۔سیاست دان فوج کے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں اور فوج پاکستانی سیاست میں اکھاڑ پچھاڑ بند کردے ۔
سہیل وڑائچ کے مطابق اگر تو پاکستان کو چلانا ہے تو یہی واحد حل ہے اور اگر ماضی و حال کی طرح چلنا ہے تو پاکستان مزید تقسیم ہوگا معاشی ابتری مزید بڑھے گی اور وہ دن دور نہیں ہو گا جب پاکستان پسماندہ افریقی ممالک کی طرح مسائلستان بن جائے گا ،جس ملک کی معیشت ٹھیک نہ ہو اس کا دفاع کبھی مضبوط نہیں رہتا کیونکہ ملک کے پاس پیسے ہی نہ ہوں تو وہ جدید جہاز، ٹینک اور اسلحہ کیسے خریدے گا اور جب وہ یہ ماڈرن اسلحہ خرید نہیں سکے گا تو اسکی سیکورٹی کو بھی خطرات لاحق ہونگے ۔اقوام عالم سے سبق سیکھ کر ہر ادارہ اپنی اپنی حدود میں رہے یہی ریاست کو چلانے کا واحد حل ہے۔
