وزیراعظم شہبازشریف مولانا کو منانے پہنچ گئے،بجٹ پرحمایت بھی مانگ لی

قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے کے بعد وزیراعظم متحرک،مولانا فضل الرحمان کو منانے کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔وزیراعظم نے مولانا سے بجٹ پر حمایت بھی مانگ لی۔
پیپلز پارٹی نے صرف وزارتیں نہیں لیں مگر تمام حکومتی معاملات میں شامل ہے: رانا ثناء اللہ
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے وزیر اعظم کی آمد کا خیر مقدم کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی حفاظت کےلیے پر امن جد وجہد کو فروغ دیا۔ شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی دینی خدمات کی بھی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمٰن کو سیاسی مسائل کے باہمی تعاون سے حل کےلیے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کردی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کو فروری الیکشن نتائج کے بارے میں تحفظات سے ایک مرتبہ پھر آگاہ کیا، مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم ملک میں جمہوریت، شفاف انتخابات اور آئین کی بالادستی کےلیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ہم چاہتے تھے کہ تمام جمہوری قوتیں جمہوریت کی مضبوطی کےلیے مل کر اپنا کردار ادا کریں۔
