بھارتی انتخابات: نریندر مودی کی تیسری بار وزیراعظم بننے کی پیشگوئی
بھارتی لوک سبھا کے انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کی پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا اور ٹی وی ایگزٹ پول میں حکمران جماعت کی جیت کی پیش گوئی کردی گئی ہے اور نریندر مودی کا تیسری بار وزیراعظم بننے کا امکان ہے۔ جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا کے انتخابات مکمل ہوتے ہی اپنی فتح کا دعویٰ کردیا۔
انڈیا میں یکم جون کو ساتویں مرحلے کی پولنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی 2024 کے لوک سبھا کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہو گیا اور 04 جون کو حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ کسی بھی جماعت یا اتحاد کو ملک میں اپنی حکومت بنانے کے لیے انڈین پارلیمان میں 272 نشتسوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
ایگزٹ پولز کے مطابق بی جے پی کی قیادت والا اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) اس ٹارگٹ کو عبور کر لے گا جس کے تحت نریندر مودی مسلسل تیسری بار بھارت کے وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔
ایگزٹ پول کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت میں قائم اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی 355 سے 380 نشستوں پر کامیابی متوقع ہے جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس کے اتحاد انڈیا کو 125 سے 165 تک نشستیں ملنے کی توقع ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حکمران اتحاد این ڈی اے کو 2019 کے انتخابات میں 353 نشستیں ملی تھیں۔
عام انتخابات کے حتمی نتائج کا اعلان بھارت کا الیکشن کمیشن 4 جون کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کرنے کے بعد کرے گا۔
دوسری جانب ایگزٹ پول کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرکے حکمران اتحاد کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بہت اعتماد سے کہہ سکتاہوں کہ بھارت کی عوام نے ریکارڈ تعداد میں حکمران اتحاد کو دوبارہ منتخب کرلیا ہے۔موقع پرست اپوزیشن اتحاد ووٹروں سے جُڑنے میں ناکام رہا، اپوزیشن اتحاد ذات پرست، فرقہ پرست اور بدعنوان ہے۔
متنازع ٹوئٹ: عمران خان کا شامل تفتیش ہونے سے ایک بار پھر انکار
واضح رہے کہ 19 اپریل کو شروع ہونے والے 7 مرحلوں کے انتخابات میں تقریباً ایک ارب لوگ ووٹ ڈالنے کے اہل تھے، اور مختلف ریاستوں میں شدید گرمی کے دوران انتخابات کا عمل مکمل کیا گیا۔
حکمران اتحاد کی جیت کی صورت میں 73 سالہ نریندر مودی ، جواہر لعل نہرو کے بعد مسلسل تین بار وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے دوسرے بھارتی وزیر اعظم بن جائیں گے۔