پیپلز پارٹی تنقید کا جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھے : مریم اورنگزیب

 

 

 

سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ترجمان گندم اور سیلاب پر سیاست کریں گے تو جواب بھی ملے گا،صوبوں کی ایک دوسرے پر بلا جواز تنقید پاکستان کے مفاد میں نہیں جسے پیپلز پارٹی کو سمجھنا ہوگا۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ترجمانوں نے بلا جواز تنقید کی تو جواب سننے کا حوصلہ بھی رکھیں،ریکارڈ گواہ ہے سیلاب اور گندم پر سیاست پیپلز پارٹی کے ترجمانوں نے شروع کی،ن لیگ کے کسی ترجمان نے کبھی کسی صوبےکی ترقی پر سیاسی بیان بازی نہیں کی۔

پنجاب کی سینیئر وزیر نے کہا کہ رائے دینے،نشاندہی کرنے میں اور تاریخ کے بد ترین سیلاب پر سیاست کرنے میں فرق ہوتا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیلاب سے نمٹنے،متاثرین کی مدد پر تعریف کی،اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی اور نبیل گبول نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کاوشوں کا اعتراف کیا لیکن پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کو بلاول بھٹو کی مریم نواز کی تعریف ہضم نہیں ہوئی اور انہوں نے بلا جواز تنقید شروع کردی۔

 

انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب جہاں گئے، پنجاب کی انتظامیہ نے انہیں سیلاب متاثرین کی مدد سےآگاہ کیا،صوبوں کی ایک دوسرے پر بلا جواز تنقید پاکستان کے مفاد میں نہیں جسے پیپلز پارٹی کو سمجھناہوگا۔

 

Back to top button