عدالتی نظام میں مزید بہتری کےلیے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس ضروری ہے : عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا ہےکہ عدالتی نظام کو مزید شفاف بنانے کےلیے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہناتھا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں مناسب سمجھا گیاکہ ترمیم کی جائے، اس آرڈیننس کےتحت 184(3) کے تحت جو کیسز آئیں گے ان میں تحریری طور پر بتاناہوگا کہ یہ عوامی اہمیت کاحامل کیس کیوں ہے؟ اس میں جو ایک اور حق دیاگیا کہ 184 (3) کا جو آرڈر سپریم کورٹ پاس کرےگی اس کےخلاف اپیل کا حق دیاگیا ہے۔

عطا تارڑ نےکہا کہ ہر کیس کےدوران جو بھی جج کہیں گےاس کا ٹرانسکرپٹ تیار کیاجائے گا اور وہ تحریر عوام کو دستیاب ہوگی، اس سےکیسز کےپروسس میں شفافیت آئےگی اور لوگ دیکھ سکیں گےکہ کیا ریمارکس پاس کیےگئے ہیں، عدالتی نظام کو مزید شفاف بنانے کےلیے یہ ضروری ہے، اب جو کیس پہلےآئے گا وہ پہلے سماعت کےلیے مقرر ہوگا،جو کیس وقت میں پہلے آیا وہ پہلےمقرر ہوگا اور یہ ممکن نہیں ہوگاکہ کسی کیس کو قطار توڑکر سماعت کےلیے مقرر کیاجائے۔

عطا تارڑ کےمطابق سپریم کورٹ کی چیف جسٹس کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی تھی پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت جس میں کہاگیا تھاکہ چیف جسٹس کےساتھ سینئر ترین جج موجود ہوں گےتو اس میں تبدیلی کی گئی ہے، اب اس کی سربراہی چیف جسٹس کریں گے، سینئر جج رکن ہوں گے اور جو تیسرے رکن ہیں وہ سپریم کورٹ کےجج میں سےکسی ایک کو وقتا فوقتا شامل کیاجائے گا، اس کی وجہ یہ ہےکہ اکثر تیسرے رکن موجود نہیں ہوتےتھے تو کیسز تاخیر کا شکار ہوتےتھے، جیسے 63 (اے) کا کیس ہےاس پر کام نہیں ہوسکا،تو اس کےحوالے سے کوئی فیصلہ آنا چاہیےتھا آئین کی بالا دستی کےلیے لیکن یہ آج تک سماعت کےلیے مقرر نہیں ہوا، تو اس لیے یہ تبدیلی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نےکہا کہ تمام ترامیم عوام کےلیے کی گئی ہے اور عدالتی نظام کو شفاف بنانے کےلیے کی گئی ہے، اس سےعوام کی زندگی میں بہتری آئےگی، دنیا میں ہمارے عدالتی نظام کا نمبر بھی بہتر ہوگا۔

وفاقی وزیر عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی آج چین کے روہی گروپ سے ملاقات ہوئی، روہی گروپ چین کا بڑا گروپ ہے، جو پاکستان میں ٹیکسٹائل کے متعدد یونٹ لگائےگا، پہلےمرحلے میں 2 اور دوسرے مرحلے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا، روہی گروپ پاکستان میں ٹیکسٹائل پارک قائم کرےگا سندھ اور پنجاب میں ، جس سے 3 سے 5 لاکھ افراد کو روزگار ملےگا۔

عطا تارڑ نے بتایاکہ اس سے پاکستان کی ایکسپورٹس کو بڑھاوا ملےگا، ہماری ایکسپورٹس 14 فیصد بڑھی ہیں،یہ ایک اچھی خبر ہےکہ چین کا بڑا گروپ ٹیکسٹائل پارک قائم کرنےجارہا ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کی ٹیکسٹائل کو پہنچایاجائے گا۔

وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس منظور کرلیا

Back to top button