وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای 28 فروری 2026 کو ایران پر ہونے والے حملوں کے دوران شہید ہوئے تھے۔ وزیراعظم کے ہمراہ پاکستان کے اعلیٰ حکومتی اور عسکری عہدیداران بھی موجود تھے۔ پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی اسلامی دنیا، ایرانی قوم اور امتِ مسلمہ کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی دہائیوں تک بصیرت، حکمت اور دوراندیشی کے ساتھ ایران کی قیادت کی۔وزیراعظم نے ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ایرانی عوام سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا، جبکہ مرحوم رہنما کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔

نمازِ جنازہ میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، متعدد ارکانِ پارلیمان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی۔نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد وزیراعظم شہباز شریف تہران سے اپنے سرکاری دورۂ ترکیہ کے لیے استنبول روانہ ہو گئے۔

Back to top button