پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی، لیوی میں اضافہ

وفاقی حکومت نے عوام کو جزوی ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا۔ وزارتِ توانائی نے 4 جولائی 2026 سے نافذ العمل نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جو آئندہ ایک ہفتے کے لیے مؤثر رہے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل پیٹرول 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی ایک روپے 97 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمت 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے پہلے ہائی اسپیڈ ڈیزل 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔وزارتِ توانائی کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 4 جولائی 2026 سے ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی اور دونوں مصنوعات کی قیمتیں بالترتیب 299 روپے 50 پیسے اور 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی تھیں۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی 64 روپے 14 پیسے فی لیٹر سے بڑھا کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔دوسری جانب ہائی سپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 77 روپے 4 پیسے فی لیٹر سے کم کر کے 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیوی کی شرح میں یہ ردوبدل پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے نفاذ کے ساتھ کیا گیا ہے۔
