وزیراعظم شہبازشریف نے جناح اسکوائرکا افتتاح کردیا

وزیراعظم شہبازشریف نے ٹریفک کی روانی کی بہتری کیلئے اسلام آباد میں جناح اسکوائرکا افتتاح کردیا۔

شہباز شریف کااسلام آباد میں جناح اسکوائر  کی افتتاحی  تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج اسلام آباد میں ٹریفک کے بہاؤ سے متعلق جناح اسکوائر منصوبہ مکمل ہوا،اس منصوبے سے اسلام آبادکے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جناح اسکوائر منصوبے سےآلودگی میں بھی کمی آئےگی کیوں کہ ٹریفک جام نہیں ہوگا توآلودگی بھی نہیں پھیلےگی اور سب سے بڑھ کر لوگوں کا قیمتی وقت بھی محفوظ ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جس ذمہ داری اور احساس فرض شناسی سے اس منصوبے کو صرف 72 دنوں میں مکمل کیا گیا ہے،وہ اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے اور اس کیلئے محسن نقوی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں،انہوں نے اسلام آباد میں پنجاب اسپیڈ کو محسن اسپیڈ میں تبدیل کردیا ہے۔

 وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے خوشی کا موقع ہونا چاہیے جس کا ہم سب کو جشن منانا چاہیے کیوں کہ یہی وہ طریقہ ہے جو قوموں کی زندگی کو بدل دیتا ہے۔

شہباز شریف نے محسن نقوی کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ اسی طریقے سے آپ باقی منصوبوں کو بھی رفتارکواسی طریقے سے بڑھا کر تکمیل تک پہنچائیں اور 1960 کی دہائی میں جوسرکاری عمارات بنی تھیں،ان کو بھی توجہ کی ضرورت ہے،اور مجھے سن کر خوشی ہوئی کہ آپ اس پر بھی توجہ دےرہے ہیں۔

 وزیراعظم نےوزیر داخلہ محسن نقوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں نےآپ کو اسلام آباد کی خوبصورتی سے متعلق جو تجویز دی ہے کہ اس شہر کو پاکستان بھر میں خوبصورتی کے حوالے سے ایک مثال بنادیں،اور مجھے یقین ہےآپ اس منصوبے کو بہت جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے حوالے سے بھی میں آپ لوگوں کومبارکباد دینا چاہتا ہوں کیوں غیر ملکی مہمانوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی کی بہت تعریف کی، لہذا میں دوبارہ گزارش کرونگا کہ اس شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کریں۔

Back to top button