پی ٹی آئی کازیرو پوائنٹ پل سے احتجاج شروع کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف  کی اسلام آباد اور راولپنڈی کوآرڈینیشن کمیٹی اجلاس میں کل کے احتجاج کےپلان کو حتمی شکل دی گئی۔پی ٹی آئی کل زیروپوائنٹ پل کے اوپر سے احتجاج شروع کرے گی۔

ذرائع کے مطابق  پی ٹی آئی راولپنڈی اوراسلام آباد کی مقامی قیادت زیرو پوائنٹ پل پر کارکنان کے ہمراہ موجود رہے گی۔جب تک باقی شہروں سے آنےوالےقافلے زیروپوائنٹ نہیں پہنچ جاتے راولپنڈی اور اسلام آباد کے کارکنان زیروپوائنٹ پر ہی موجود رہیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کا کہنا ہے کہ بانی چئیرمین کی ہدایت کےمطابق ہم باقی قافلوں کے آنے تک زیروپوائنٹ پر ہی موجود رہیں گے۔ عمران خان کےحکم کے مطابق کل احتجاج کےلئےباہر نکلنا ہے۔اب صرف بانی پی ٹی آئی کےحکم پر ہی احتجاج ملتوی ہو سکتاہے۔ پی ٹی آئی کوآرڈینیشن کمیٹی کےاجلاس میں عامر مغل، علی بخاری، شعیب شاہین، شیرافضل مروت ثیمابیہ طاہراور دیگرنے شرکت کی۔

وزیر اعلی ہاؤس پشاورمیں تحریک انصاف کےبڑوں کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی صدارت میں ہواجس میں وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں کل کے احتجاج کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لیا گیا اور اسلام آباد مارچ کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں موٹروے بند ہونے کےباعث جی ٹی روڈ کےذریعے قافلوں کو روانہ کرنے پر مشاورت کی گئی۔رکاوٹیں ہٹا کر موٹروےکھولنےکے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔

ہزارہ،مالاکنڈ کے قافلوں کے لئےمختلف روٹس کے آپشن زیرغور آئےجبکہ ہیوی مشینری کو اٹک،صوابی تک پہنچانے کےلئےبھی بات چیت ہوئی۔

دوسری جانب حکومت بھی ڈٹ گئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کرکے انہیں دھرنے یا ریلی کی اجازت نہ دینے سے گاہ کردیا۔

محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں ان کے ساتھ موجودہ صورت حال پر گفتگو کی ہے۔

محسن نقوی نےبیرسٹر گوہر کواسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کےحکم کے پابند ہیں۔ کسی جلوس،  دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دےسکتے۔

Back to top button