پی ٹی آئی قیادت کا بانی کو منانے اور اراکین کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کی قیادت نے عمران خان کو ایک بارپھر منانے اوراراکین کو برقرار رکھنے کافیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کےمطابق پارٹی قیادت نےعمران خان کے حکم کے باوجود ایم این ایز اورسینیٹرز کو فوری طورپرنکالنے کےبجائے ایک ذیلی کمیٹی بنانےکا فیصلہ کیا ہے۔
یادرہے کہ عمران خان نے 26 ویں آئینی ترمیم کےبعد پارٹی سے رابطہ نہ رکھنے والے اراکین کو نکالنے کا حکم دیا تھا۔تاہم پارٹی کی موجودہ قیادت نے اس معاملے پرفوری کارروائی کے بجائے ذیلی کمیٹی کے ذریعے سفارشات مرتب کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ذیلی کمیٹی اپنی سفارشات اڈیالہ جیل میں عمران خان کو پہنچائے گی،جہاں حتمی فیصلہ کیا جائےگا۔تاہم پی ٹی آئی قیادت اس وقت کسی بھی ایم این اے یا سینیٹر کو پارٹی سے نکالنے کے حق میں نہیں۔
پارٹی کے اندرموجود قیادت اورذرائع کے مطابق،اگراراکین کو پارٹی سے نکالا گیا تو ان کی نشستیں حکومت کے پاس جا سکتی ہیں،جس سے پارٹی کومزید نقصان ہوسکتا ہے۔قائدین کا ماننا ہےکہ اگرایک باریہ سلسلہ شروع ہوگیا تو رکنا مشکل ہوجائیگا۔
اراکین کی بھی یہی رائے ہے کہ اپنی نشستیں محفوظ رکھنے کیلئےضروری ہے کہ کسی کو پارٹی سے نہ نکالا جائے۔
