پی ٹی آئی کا ARY پر حکومتی ماؤتھ پیس ہونے کا الزام

عمران خان کے دور اقتدار میں حکومتی ماؤتھ پیس کہلانے والے اے آر وائے نیوز چینل پر اب تحریک انصاف والوں نے نون لیگ کا ماؤتھ پیش ہونے کا الزام عائد کر دیا ہے۔ عمران خان حکومت کے وزیر خزانہ شوکت ترین کے مشیر خاص کے طور پر کام کرنے والے پی ٹی آئی کے یوتھیے ماہر معاشیات مزمل اسلم اے آر وائی نیوز پر ایک لائیو پروگرام کے دوران اینکر سے لڑ پڑے اور انہیں حکومت کا ماؤتھ پیس قرار دے دیا۔ انہوں نے نیوز اینکر سے کہا کہ آپ لوگ پی ڈی ایم حکومت کی طرفداری کر رہے ہیں، آپ ان کو پروٹیکٹ کرتے ہیں کیونکہ آپ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف ہو چکے ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو میں موجودہ معاشی صورتحال اور پی ڈی ایم حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق دار اور پی ڈی ایم کی حکومت قیامت تک بھی حکومت میں بیٹھی رہے تب بھی ان سے معیشت ٹھیک نہیں ہو گی۔ انکا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران عوام کو لاروں پر لگائے ہوئے ہیں۔
مزمل اسلم کے ریمارکس پر اینکر مدیحہ نقوی نے ان سے جوابی سوال کیا کہ ہر حکومت ہی عوام کو لارے لگاتی آئی ہے۔ اگر تب آپ لوگوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی پاسداری کی ہوتی تو آج پاکستان کو یہ وقت نہ دیکھنا پڑتا۔جب پی ٹی آئی حکومت تھی تب آپ نے خود ہی اپنے کیے گئے قرض معاہدے کی خلاف ورزی کر دی جس کا نتیجہ آج عوام بھگت رہے ہیں۔خاتون اینکر کے سوال پر پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم غصے سے آگ بگولہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تو پٹرول پر عوام کو 10 روپے سبسڈی دی تھی۔ اگر ہم نے معاہدہ توڑا تھا تو جب سے پی ڈی ایم حکومت آئی ہے تب سے اس پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا۔ اگر ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ غلط ڈیل کی تھی تو موجودہ حکومت اس ڈیل کو اب تک ٹھیک کیوں نہیں کر پائی۔ مزمل نے کہا کہ میں حکومت پر تنقید کر رہا ہوں اور آپ مجھ سے لڑ رہے ہیں۔
مارنگ شو کے اینکرز اشفاق اسحاق اور مدیحہ نقوی نے مزمل اسلم کو بارہا اپنے غصے پر قابو پاکر آرام سے بات کرنے کو کہا تاہم وہ اپنے تمام تر غصے کے ساتھ بغیر کسی منطق کے جھگڑا کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ پی ڈی ایم حکومت کی طرفداری کر رہے ہیں۔ آپ ان کے کئے ہوئے بلنڈرز کو چھپاتے ہیں۔ آپ لوگ موجودہ حکومت کو پروٹیکٹ کرتے ہیں۔ آپ کیوں نہیں سوال کرتے اسحاق ڈار سے؟ آپ عوام کا نہیں مسلم لیگ ن کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ میں نے تو آج تک نہیں دیکھا آپ لوگوں کو حکومتی سائیڈ سے اتنے سخت سوالات کرتے ہوئے۔ اس پر اینکرز نے بھی اپنے دل کی ھڑاس نکالنا شروع کر دی اور کہا کہ آپ ہم پر نہ چیخیں اور سکون اور تحمل سے بات کریں۔ ہم آپ سے سوال کر رہے ہیں اور حکومت سے بھی کریں گے۔ آپ سوالات کے جواب دیں اور ایسے جھگڑا نہ کریں۔ آپ ذاتیات پر آرہے ہیں۔ مدیحہ نقوی نے کہا کہ میں آپ پر ابھی تک نہیں چیخی اور آپ اس طرح لائیو ٹی وی پر مجھ پر یا کسی بھی اینکر پر نہیں چِلا سکتے۔ اس کے بعد مزمل اسلم نے لائن منقطع کر دی۔
پی ٹی آئی کا ARY پر حکومتی ماؤتھ پیس ہونے کا الزام
