پی ٹی آئی کی 8فروری کو مینارپاکستان جلسے کی درخواست مسترد

ڈپٹی کمشنرلاہور نے تحریک انصاف کی8فروری کو مینارپاکستان پرجلسے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کردی۔

 ذرائع ڈپٹی کمشنر کے مطابق تحریک انصاف کو 8فروری کو جلسے کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیاگیا۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ امن وامان کے پیش نظر تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔انتظامیہ نے ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی تجاویز کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا، جاری نوٹی فکیشن کے مطابق سیکیورٹی خدشات پر پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ 8 فروری کو لاہور میں اہم ایونٹس کا سلسلہ جاری ہوگا، ایونٹس میں کرکٹ میچ، کیٹل شو، اسپیکر کانفرنس شامل ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا سابقہ ٹریک ریکارڈ غیر مناسب ہے، 9 مئی واقعات کے باعث پی ٹی آئی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی چیف آرگنائزرعالیہ حمزہ نے لاہور میں جلسے کی اجازت کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور کودرخواست جمع کرائی تھی اور ساتھ لاہور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیاتھا ۔

واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے مینار پاکستان جلسے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو آج ہی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم جاری کیاتھا۔

 پی ٹی آئی کی 8 فروری کو مینارِ پاکستان لاہور میں جلسے کی اجازت  کے معاملے پر درخواست کی سماعت  لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے کی تھی ۔

عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے رپورٹ دیکھی ہے؟آئین کا آرٹیکل 10 اے بھی دیکھنا ہے۔ اگر میٹنگ کل ہوتی ہے اور ان کی جلسے کی اجازت مسترد ہوجاتی ہے تو آپ کہاں جائیں گے؟۔ اگر آپ جلسے کی اجازت دیتے ہیں تو ایک دن میں تیاری ممکن کیسے ہوگی؟۔ اگر آپ ان کی درخواست پر آج فیصلہ کردیں گے تو کیا حرج ہے۔

چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے لاہور مینارپاکستان پرجلسے کی اجزت نہ ملنے کے بعد اگلے لائحہ عمل سے کارکنوں کو آگاہ کر دیا۔

 چیف آرگنائزر پی ٹی آئی عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ شمالی پنجاب کے10 اضلاع صوابی جلسے میں شرکت کریں گے،پنجاب کے باقی تمام ریجن، وسطی، مغربی اور جنوبی اپنے اپنے اضلاع میں پر امن احتجاج کریں گے، پی پی اور این اے لیول پر رہنما کارکنوں کے ہمراہ احتجاج اور ریلیوں کا اہتمام کریں گے۔ تمام ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقے سے لوگوں کو پرامن احتجاج کیلئے نکالیں گے۔۔

Back to top button