جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے سے متعلق پنجاب اسمبلی کی قراردادیں غیر مؤثر ہوچکیں : رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے سے متعلق پنجاب اسمبلی کی قراردادیں 10 سال پرانی ہونے کے باعث اب غیر مؤثر ہوچکی ہیں۔
مرکزی رہنما مسلم لیگ ن سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے حوالے سے قراردادیں 10 سال پہلے منظور کی گئی تھیں،اب وہ بےکار ہوچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی اسمبلی کی میعاد کے اندر کسی قرارداد پر عمل نہ ہوسکے تو پھر یہ اگلی اسمبلی پر منحصر ہےکہ وہ اس بارے میں نئی قرارداد منظور کرتی ہے یا نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر مسلم لیگ ن یا تو خاموش ہے یا اس بحث کا حصہ نہیں بننا چاہتی، اس پر بحث پارلیمنٹ میں ہی ہونی چاہیے جو اس بحث کی اصل جگہ ہے۔
پیپلز پارٹی نئے صوبوں پر اکیلے فیصلہ نہیں کرسکتی : طلال چوہدری
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے محسن نقوی کی زباں بندی نہیں کی،وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں لیکن عوامی ریفرنڈم ہونا ہےتو پارلیمنٹ کی منظوری سے آئین کے مطابق ہونا ہے،کسی وزیر کے بیان کے مطابق نہیں ہونا۔
