پنجاب حکومت کا صوبے میں مقیم افغان شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے صوبے میں مقیم افغان شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جہاں یہ بھی طے پایا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کا ریئل ٹائم ڈیٹا تیار کیا جائے گا تاکہ ان کی سرگرمیوں پر مؤثر نظر رکھی جا سکے۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی نشاندہی کے لیے ایک نیا وسل بلوئر سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل رازداری میں رکھی جائے گی۔
اس کے علاوہ حکومت نے غیر قانونی رہائش پذیر افراد اور ان کے کاروباروں کے خلاف کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام غیر قانونی غیرملکی باشندوں کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق فوری طور پر ملک بدر (ڈی پورٹ) کر دیا جائے گا۔
