سردار سلیم حیدر نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر دستخط کر دیے

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر دستخط کر دیے، جس کے بعد صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق گورنر کے دستخط کے بعد گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، جسے پنجاب حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کو ارسال کرے گی تاکہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کا عمل نئے قانون کے تحت شروع کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد بلدیاتی ایکٹ 2025 کو گورنر کو ارسال کیا گیا تھا، جس پر آج دستخط کیے گئے۔

دوسری جانب، الیکشن کمیشن نے پہلے ہی پنجاب میں دسمبر 2025 کے آخری ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا، جس کا باضابطہ اعلان 8 اکتوبر کو کیا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ “یہ صورت حال ہمارے لیے شرمندگی کا باعث بن رہی ہے اور الزامات ہم پر آ رہے ہیں۔”

کمیشن کے روبرو پنجاب حکومت کے اسپیشل سیکریٹری برائے بلدیات نے بھی شرکت کی تھی اور صوبائی انتظامیہ کی جانب سے وضاحتیں پیش کی گئی تھیں۔

Back to top button