پنجاب پولیس غیرسیاسی،غیرجانبدارہوکرکام کررہی ہے،عظمی بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاکہنا ہے کہ مریم نواز کی حکومت میں پنجاب پولیس غیر سیاسی اور غیر جانبدار ہو کر کام کر رہی ہے،  جنہوں نے 9 مئی کیا، شہداء کے مجسموں کی توہین کی، وہ سیاسی لبادے میں نہیں چھپ سکتے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا اپوزیشن لیڈرعمرایوب کے بیان پرعمدل میں کہنا تھا کہ کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے جعلی انقلابیوں کو انقلاب لانے کا شوق تھا تو پرچے بھی بھگتیں۔پنجاب پولیس کچے کے ڈاکوؤں کو بھی پکڑ رہی ہے، پکے کے ڈاکوؤں کو بھی، پنجاب پولیس کسی بے گناہ کو تنگ نہیں کرتی، کسی ریکارڈ یافتہ مجرم کو چھوڑتی نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس کا سب سے بڑا معیار یہی ہے کہ ان کا ڈنڈا بہت تگڑا ہے، پنجاب میں انتقامی کارروائی یا سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کرنے کا سلسلہ بند ہو چکا۔

واضح رہے کہ  عمر ایوب کا کہنا ہے کہ میرے خلاف پورے پنجاب میں مقدمات درج ہیں۔ملک میں مہنگائی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھانے والوں پر سختی مت کریں۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت پی ٹی آئی کو مینارِ پاکستان پر جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی، عالیہ حمزہ نے ڈی سی لاہور کو جلسے کی اجازت لینے کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔

دوسری جانب لاہور کی انسدادِ دہشت گری کی عدالت نے عمر ایوب کے خلاف 9 مئی کے 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 18 فروری تک توسیع کر دی۔عدالت نے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

دورانِ سماعت عدالت نے سوال کیا کہ کیا عمر ایوب کی تفتیش مکمل ہو چکی ہے؟پولیس نے بتایا کہ نہیں ابھی بیانات ریکارڈ ہونا باقی ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ جے آئی ٹی میں گیا تھا، اپنا مؤقف پیش نہیں کر سکا۔

Back to top button