تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی بڑا چیلنج، مربوط اقدامات ناگزیر ہیں: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بہبودِ آبادی سے متعلق اجلاس میں بڑھتی ہوئی آبادی، بہبودِ آبادی سے متعلق اقدامات اور نیشنل پاپولیشن کونسل کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا، جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، متعلقہ اداروں کے نمائندے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے تاکہ بہبودِ آبادی کے لیے جامع قومی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

شرکا کو بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل سیکریٹریٹ کے آپریٹنگ طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ نیشنل پاپولیشن سٹیبلائزیشن پلان 2026-2035 بھی تیار کیا جا رہا ہے، جس میں آبادی میں اضافے کی شرح کم کرنے کے لیے قومی فریم ورک پیش کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت آبادی میں اضافے کی شرح کو موجودہ 2.55 فیصد سے کم کرکے 2035 تک 1.25 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے اقدامات کو قومی ذمہ داری سمجھا جانا چاہیے۔ آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کی بنیاد ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی اور معاشی استحکام کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ بہبودِ آبادی سے متعلق اقدامات میں صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی مزید مؤثر بنائی جائے۔

2300 سے زائد اسرائیلی آبادکار مسجد اقصیٰ میں داخل، فلسطینیوں کا احتجاج

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

Back to top button