محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار، بھارتی ٹیم جیت کے باوجود ٹرافی سے محروم

بھارتی کرکٹ ٹیم کھیل میں سیاست کو شامل کرنے سے باز نہ آئی، بھارتی ٹیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ایشیا کپ کی ٹرافی لینے سے انکار کر دیاتاہم محسن نقوی کے ڈٹ جانے کی وجہ سے تقریب ٹرافی دئیے بغیر ہی اختتام پذیر ہوگئی۔ اس طرح بھارتی ٹیم جیت کے باوجود ٹرافی سے محروم رہی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی ایما پر ٹیم نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا۔دوسری جانب محسن نقوی بھی اپنے مؤقف پر قائم رہے، نتیجتاً بھارتی ٹیم کسی اور آفیشل سے بھی ٹرافی حاصل نہ کر سکی۔
بھارتی ٹیم کے رویے کے باعث ایونٹ کی اختتامی تقریب میں بھی تاخیر ہوئی، تاہم اس دوران پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے میڈلز وصول کیے جبکہ بھارتی کھلاڑی اسٹیج پر جانے سے باز رہے۔ اس دوران محسن نقوی، امپائرز اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اسٹیڈیم پر موجود رہے۔
بھارتی کرکٹرتلک ورما اور شیوام دوبے نے انفرادی حیثیت میں اپنے ایوارڈ وصول کیے جبکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نے پاکستانی کھلاڑیوں کو رنر اپ ایوارڈز بھی دیے۔
تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے بتایا کہ انہیں ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم آج ٹرافی وصول نہیں کرے گی، جبکہ اس سے قبل ہی ٹرافی کو میدان سے باہر منتقل کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد ٹرافی دئیے بغیر ہی تقریب کو ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ جس کے بعد بھارتی ٹیم کو نہ تو میڈلز ملے اور نہ ہی چیمپئن کا بورڈ دیا گیا جس کے باعث بھارتی ٹیم نے ٹرافی اور چیمپئن کے بورڈ کے بغیر ہی تصاویر بنوائیں اور علامتی طور پر ہاتھوں سے ٹرافی اٹھانے کے اشارے کیے اور اپنے دل کو بہلایا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے نمائندے دیواجیت سیکیا نے اعتراف کیا کہ انکار کی وجہ صرف یہ تھی کہ ٹرافی پاکستان کے وفاقی وزیر اور اے سی سی چیئرمین محسن نقوی کے ہاتھوں دی جا رہی تھی۔ دوسری جانب بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ٹوئٹ میں کھیل کو "آپریشن سندور” سے تشبیہ دے کر واضح کیا کہ بھارت کے لیے یہ میچ کھیل نہیں، ایک جنگی بیانیہ تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کرارا جواب دیتے ہوئے بھارتی قیادت کی جانب سے جنگ کو کھیل سے جوڑنے کے عمل کو مایوسی کی علامت قرار دیدیا محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا کھیل کی اصل روح کو مجروح کرتا ہے۔ محسن نقوی نے مودی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہاکہ اگر جنگ تمہارے فخر کا پیمانہ ہے تو تاریخ میں بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں رسوائی اور شکست ہی ملی ہے اور کسی کرکٹ میچ کے نتیجے سے یہ حقیقت تبدیل نہیں کی جا سکتی۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 146 رنز اسکور کیے جبکہ بھارت نے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔
