پاسداران انقلاب کا آبنائےہرمز میں 2جہازوں کونشانہ بنانےکادعویٰ

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فضائی نگرانی میں آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 2 جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنا کر روک دیا گیا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ دیگر 4 آئل ٹینکروں نے فوری طور پر اپنا راستہ تبدیل کیا اور سابقہ پوزیشنوں کی جانب واپس لوٹ گئے۔

دوسری جانب امریکی محکمۂ خارجہ کے ریوارڈز فار جسٹس پروگرام نے کیمیا پارس سیوان کمپنی (کیپاس) سے منسلک مالیاتی نیٹ ورکس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ڈیڑھ کروڑ (15 ملین) ڈالرز کے انعام کا اعلان کر دیا۔

امریکی پروگرام کے مطابق یہ کمپنی ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس اور اس کے علاقائی اتحادیوں کے لیے ڈرون تیار کرنے والے ادارے کے طور پر کام کرتی ہے۔

ریوارڈز فار جسٹس پروگرام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ کیپاس کے مبینہ 7 سینئر اہلکاروں، ان کے معاونین اور مالیاتی نیٹ ورک سے متعلق معلومات درکار ہیں۔

Back to top button