کولڈڈرنکس کے استعمال سے منہ کے کینسرکاخطرہ

ماہرین صحت کاکہنا ہے کہ درحقیقت میٹھے مشروبات جیسے کولڈ ڈرنکس پینے کی عادت سے منہ کے کینسرکاخطرہ مزید بڑھ جاتاہے۔
منہ کا کینسر سرطان کی ایک بہت تیزی سے عام ہونے والی قسم ہے اور صرف تمباکو نوشی ہی اس کی وجہ نہیں۔ یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ واشنگٹن یونیورسٹی کی اس تحقیق میں ایک لاکھ 62 ہزار خواتین کی غذائی عادات کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔ ان خواتین کی صحت کا جائزہ 30 سال تک لیا گیا جس دوران 130 میں منہ کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔
تحقیق کے مطابق جو افراد روزانہ ایک یا اس سے زائد میٹھے مشروبات کا استعمال کرتے ہیں ان میں منہ کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ ہر ماہ ایک بار میٹھے مشروب پینے والوں کے مقابلے میں لگ بھگ 5 گنا زیادہ ہوتا ہے۔
حیران کن طور پر جو افراد تمباکو نوشی یا الکحل سے گریز کرتے ہیں مگر روزانہ ایک یا اس سے زائد کولڈ ڈرنکس پیتے ہیں، ان میں منہ کے کینسر کا خطرہ 5.46 گنا زیادہ ہوتا ہے۔