محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کااجلاس کل ہوگا

محرم الحرام 1448 ہجری کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس کل منعقد ہوں گے، تاہم محکمہ موسمیات اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم قرار دیئے ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بادشاہی مسجد لاہور کے اقبال ہال میں منعقد ہوگا، جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 15 جون کو صبح 7 بج کر 54 منٹ پر ہوگی، جس کے باعث اسی روز 29 ذوالحج کی شام ملک بھر میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، تاہم چاند کی کم عمر رویت میں بنیادی رکاوٹ ہوگی۔ پنجاب میں چاند رات 7 بج کر 59 منٹ پر غروب ہوگا۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بھی فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر کہا ہے کہ 15 جون کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹے سے کم ہوگی، جبکہ ہلال کی رویت کے لیے عموماً چاند کی عمر 18 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری سمجھی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں غروب شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق 37 منٹ جبکہ پشاور میں 42 منٹ ہوگا، تاہم چاند کی کم عمر کے باعث مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی چاند ننگی آنکھ، دوربین یا ٹیلی سکوپ سے نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق ذوالحجہ 1447 ہجری کے 30 دن مکمل ہونے کے بعد یکم محرم الحرام 1448 ہجری بدھ 17 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔ تاہم محرم الحرام کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی سال کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
