معطل کیے گئے 26 ارکان اسمبلی کا مقدمہ ہر آئینی و قانونی فورم پر لڑیں گے ، سلمان اکرم راجہ

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اسمبلی ارکان کو صرف آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ڈی سیٹ کیا جا سکتا ہے، احتجاج کی بنیاد پر معطل کرنا غیر آئینی عمل ہے۔
ان کے ہمراہ موجود اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچرا اور پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے بھی حکومتی اقدامات کو جمہوری روایات کے خلاف قرار دیا۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ تحریک انصاف معطل کیے گئے 26 ارکان کا مقدمہ ہر آئینی و قانونی فورم پر لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو صرف اس بنیاد پر سزا دینا کہ انہوں نے احتجاج کیا، پارلیمانی روایت کے خلاف ہے۔
9 محرم الحرام: ملک بھر میں جلوسوں کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچرا کا کہنا تھا کہ احتجاج پر ارکان اسمبلی کو معطل کرنا جمہوریت کے منافی عمل ہے، وزیراعلیٰ کی موجودگی میں ہم ایوان میں خاموش نہیں بیٹھ سکتے، اگر اسمبلی میں آواز دبائی گئی تو باہر اپنی اسمبلی لگائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کی جو خبریں گردش کر رہی ہیں، وہ صرف (ن) لیگ کی خواہشات کا نتیجہ ہیں، زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔