سردار ایاز صادق کی پی ٹی آئی کو پھرمذاکرات کی پیشکش

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےپھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کردی ۔
لاہور میں صحافیوں سےغیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی مذاکرات کیلئےدروازے بند نہیں کیے، ہم نے تو پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئےکمیٹی بھی تحلیل نہیں کی، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان سخت آدمی ہیں اس لیےتحریک انصاف کی پہلے اندر سے منظوری آجائے تو پھر ہمارے پاس بھی آجائیں گے۔
سپیکر نےانکشاف کیا کہ پی ٹی آئی سے رابطہ منقطع نہیں ہوا اور وہ آج بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ایک سال سے زیادہ عرصے تک بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد فریقین نے دسمبر کےآخری ہفتے میں سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنے کیلئے بات چیت کا آغاز کیا تھا، لیکن کئی ہفتوں کے مذاکرات کے باوجود دو عدالتی کمیشنوں کی تشکیل اور پی ٹی آئی قیدیوں کی رہائی جیسے اہم مطالبات کے باعث بات چیت کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا۔
پی ٹی آئی نے9مئی2023 اور26 نومبر 2024 کےمظاہروں کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دینے میں تاخیر پر مذاکرات منسوخ کرتے ہوئے رواں ہفتے ہونے والے چوتھے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا تھا۔
حکومت نےپی ٹی آئی کو مذاکراتی عمل میں دوبارہ شامل ہونےکی دعوت دیتے ہوئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینےکی تجویز پیش کی تھی تاہم پی ٹی آئی نے اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔