سعودیہ کی پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر ماہانہ موخر ادائیگی کی تجدید

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کیلئےپیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کیلئے10 کروڑ امریکی ڈالرز ماہانہ فراہمی کی تجدید کردی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے حال ہی میں بھیجے گئے خط کےحوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے کابینہ کو بتایا کہ سعودی ولی عہد نےخط میں پاکستان کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے مؤخر ادائیگی کی بنیاد پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے مزید ایک سال کیلئے100 ملین امریکی ڈالرز ماہانہ فراہمی کی تجدید کی ہے۔انہوں نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
پاکستان نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کےساتھ اس سال4فروری کو تیل کی درآمد پر 1.2 ارب امریکی ڈالر کی ادائیگی ایک سال کیلئےمؤخر کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔
وزیر اعظم ہاؤس کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں خدمات کی فراہمی کے حوالے سے تمام نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کی ہدایت کی تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہو سکے۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کی تمام وزارتوں اور محکموں میں ای آفس کا نفاذ 20 مارچ 2025 تک 100 فیصد مکمل کیا جائے ۔
وفاقی کابینہ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سفارش پر بین الاقوامی سمندری پانیوں میں متنوع سمندری وسائل کی حفاظت اور ان کے پائیدار استعمال کی حوالے سے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے سمندری قانون کے تحت بین الاقوامی قانونی معاہدے پر دستخط کی منظوری دی۔-
وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم کی سفارش پر کامران جہانگیر کی بطور منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فاؤنڈیشن تعیناتی کی منظوری بھی دی-
کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق میں بطور ممبر اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری تعیناتی کے لیے چھ ناموں کو وزیراعظم اور پارلیمنٹ میں لیڈر آف اپوزیشن کو بھیجنے کی منظوری دی۔۔
وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر ڈاکٹر شاہد اسلم مرزا کی بطور مینجنگ ڈائریکٹر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی تعیناتی کی منظوری دی۔
بیان میں بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں اور وزارت قومی صحت کی سفارش پر وطیم میڈیکل کالج، راولپنڈی کی رجسٹریشن کے لیے نظر ثانی درخواست قانون کی مطابق کاروائی کے لیے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو بھجوانے کی منظوری بھی دی۔