کے پی، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 32 دہشت گرد جہنم واصل

خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 32 دہشت گردوں کا جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلیجنس بنیادوں پر کی گئی مشترکہ کارروائیوں کے دوران 32 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جاری آپریشنز کے سلسلے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب ضلع خیبر میں متعدد انٹیلیجنس بنیادوں پر کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلیجنس اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جسے بعد ازاں موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر دہشتگرد عناصر کا بھی خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

 

نئی جامعات کے قیام کیلئے ایچ ای سی کا نیا فریم ورک تیار، سخت شرائط عائد

بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔

Back to top button