اسلام آباد ہائی کورٹ سے ٹرانسفر ہونے والے ججز کی سنیارٹی متاثر

 

 

 

جوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ سے ٹرانسفر ہونے والے تینوں ججز کی سنیارٹی متاثر ہوگئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے ٹرانسفر ہونے والے ججز سنیارٹی لسٹ میں متعلقہ صوبوں کی ہائی کورٹس میں جونیئر جج بن گئے۔جسٹس محسن اختر کیانی کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں دوسرا نمبر تھا، تبادلے کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی کا لاہور ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں بارہواں نمبر ہوگا۔

جسٹس بابر ستار کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں تیسرا نمبر تھا، تبادلے کےبعد جسٹس بابر ستار پشاور ہائی کورٹ میں چھٹے نمبر پر چلےگئے، اس کے علاوہ جسٹس ثمن رفعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ کےمطابق چھٹے نمبر پر تھیں، جب کہ سندھ ہائی کورٹ میں تبادلے کےبعد جسٹس ثمن رفعت کا سنیارٹی لسٹ کےمطابق 16 واں نمبر ہوگا۔

تینوں ججز کا پنجاب،سندھ اور خیبرپختونخوا میں تبادلوں کےبعد وہ اب بطور جونیئر جج کیسز کی سماعت کریں گے،جسٹس بابر ستار انتظامی کمیٹی کا حصہ بن جائیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کےججز کی ٹرانسفر کےبعد نوٹیفکیشن تاحال جاری نہ ہوسکا۔

جوڈیشل کمیشن میں آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہوئے: وزیر مملکت برائے قانون

یاد رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اکثریتی رائے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کےججز جسٹس محسن اختر کیانی،جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے تبادلے دیگر 3 صوبائی ہائی کورٹس میں کرنے کی منظوری دی تھی جب کہ جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو کے تبادلوں کی تجویز واپس لےلی تھی۔

 

 

 

Back to top button