شہباز شریف کا عمران خان کیخلاف10 ارب ہرجانہ کیس: عطا تارڑ بطور گواہ عدالت پیش

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ عدالت میں گواہی کے لیے پیش ہوگئے۔

لاہور کی سیشن عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دائر ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عطا تارڑ بطور گواہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

تاہم اس موقع پر عمران خان کے سینئر وکیل عدالت میں موجود نہیں تھے۔ ان کی جگہ موجود معاون وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آج گواہی ریکارڈ نہ کی جائے اور کل کی تاریخ مقرر کر دی جائے کیونکہ عمران خان کے سینئر وکیل کل پیش ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے وکیل نے گزشتہ روز انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ آج عدالت میں پیش ہوں گے، لیکن معلوم ہوا کہ وہ اسلام آباد میں ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے ہدایت دی کہ عطا تارڑ کا بیان آج ہی ریکارڈ کیا جائے، جبکہ ان پر جرح آئندہ سماعت میں کی جائے گی۔

Back to top button