پاکستان شاہینز کو دورۂ آسٹریلیا کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست

پاکستان شاہینز کوٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں این ٹی اسٹرائیک کے خلاف 59 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ڈارون کے گارڈنزاوول میں کھیلے گئے اس میچ میں این ٹی اسٹرائیک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اورمقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔میچ میں جیک ووڈ کی آل راؤنڈ پرفارمنس تھی جنہوں نے 24 رنز بنانے کے علاوہ چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان شاہینز18اعشاریہ 4 اوورزمیں 126 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔این ٹی اسٹرائیک کی اننگزکی خاص بات پرم اوپل اور جوش کان کی عمدہ بیٹنگ تھی۔
پرم اوپل نے صرف 28 گیندوں پر59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ان کی اننگزمیں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
جوش کان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر47 رنزاسکورکیے جس میں چار چھکے اور دو چوکے شامل تھے۔جیسن سانگھا نے 26 اور جیک ووڈ نے24 رنز اسکور کیے۔
پاکستان شاہینزکی طرف سے عرفات منہاس اورعالیان محمود نے دودو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینزکی اننگزکا آغازمایوس کن رہا اورپہلے اوورکی پہلی دوگیندوں پرہی باسط علی اورشاویزعرفان آؤٹ ہوگئے۔ صفرپردو وکٹیں گرجانے کے بعد شامل حسین اورکپتان روحیل نذیراسکور کو 49 تک لے گئے اس موقع پرشامل حسین دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان روحیل نذیر دو چھکوں اورایک چوکے کی مدد سے 41 رنز اسکور بناکر آؤٹ ہوئے تو پاکستان شاہینز کا اسکور پانچ وکٹوں پر 91 رنز تھا۔
وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے پاکستان شاہینز کسی بھی موقع پر مضبوط پوزیشن میں نہ آسکی۔ پاکستان شاہینز اپنا دوسرا میچ پیر کے روز اے سی ٹی کامیٹس کے خلاف کھیلے گی۔
