شیخ رشید اسلام آباد کے کسی تھانے میں موجود نہیں

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے بھتیجے راشد شفیق نے انکشاف کیا ہے کہ شیخ رشید اسلام آباد کے کسی تھانے میں موجود نہیں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید آبپارہ تھانے میں ہیں نہ کسی تھانہ سیکرٹریٹ میں، کل ہماری تھانہ سیکرٹریٹ میں شیخ رشید سے ملاقات کرائی گئی، ملاقات کرا کے ان کو گاڑیوں میں کہیں منتقل کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے بتایا ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر لے جایا جاتا ہے، اس وقت کراچی پولیس بھی اسلام آباد موجود ہے، شیخ رشید نے پیغام دیا ہے کہ انہیں قتل کرانے  کے لیے کراچی بھیجا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شیخ رشید نے کہا مجھے کچھ ہوا تو ایف آئی آر شہباز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو اور رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف کاٹی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنی قانونی ٹیم کو بتایا کہ 5 لوگ انہیں مروانا چاہتے ہیں، شیخ رشید سے تھانہ سیکریٹریٹ میں قانونی ٹیم نے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے بعد شیخ رشید کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ رشید نے بتایا کہ 5 لوگ انہیں مروانا چاہتے ہیں۔

مریم نواز کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

Back to top button