توہین مذہب کے مقدمات، شیخ رشید کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور

توہین مذہب کے مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کر لی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ضمانت قبل از گرفتاری کےلیے درخواست دائر کی تھی۔ شیخ رشید کی درخواست پر جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے مختصر سماعت کی اور ان 18 مئی تک ان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
علاوہ ازیں عدالت نے شیخ رشید اور ان کے بھتیجے راشد شفیق کی جانب سے مقدمات کے اندراج کے لیے دائر درخواستوں پر فریقین کو نوٹس بھی جاری کردیئے۔
یاد رہے کہ شیخ رشید پر فیصل آباد،گوجرخان، راولپنڈی اور اٹک سمیت 9 شہروں میں توہین مذہب کے مقدمات درج ہیں جب کہ ان کہ بھتیجے شیخ راشد شفیق کو پہلے ہی پولیس گرفتار کرچکی ہے۔
