’’میٹ گالا‘‘ میں عالمی فنکاروں کے انوکھے ملبوسات کی دھوم

نیویارک میں ہونے والے ہالی ووڈ ’’ میٹ گالا ‘‘ میں عالمی فنکاروں کے انوکھے ملبوسات توجہ کا مرکز بن گئے، کسی نے بلی کا کاسٹیوم زیب تن کیا تو کوئی ایک لاکھ موتیوں کا گاون پہن کر جلوہ افروز ہوا۔
فیشن کی سب سے بڑی تقاریب میں سے ایک نیویارک کے ’میٹ گالا‘ میں دنیا کے معروف ترین فنکاروں نے شرکت کی، تقریب میں فنکاروں کے اچھوتے اور منفرد انداز کے ملبوسات زیر بحث آئے، اس تقریب کا مقصد ’میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ‘ کے لیے امداد جمع کرنا تھا۔
میٹ گالا کے ایونٹ کی ہر سال مختلف تھیم ہوتی ہے، رواں برس ’میٹ گالا‘ کی تھیم آنجہانی جرمن ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ کے اعزاز میں رکھی گئی تھی، رنگا رنگ تقریب میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ سمیت دیگر نامور شخصیات نے دیدہ زیب ملبوسات زیب تن کیے اور ریڈ کارپٹ کی رونقیں بڑھائیں۔
اس میلے میں امریکی پاپ سٹار ریحانہ، گلوکارہ ڈوجا کیٹ، ریپر لل ناس، پریانکا چوپڑا اور نک جونس سمیت بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی شرکت کی، میٹ گالا نیویارک شہر کے میٹرو پولیٹن میوزیم آف آرٹس کاسٹیوم انسٹی ٹیوٹ کے لیے ایک سالانہ فنڈ ریزنگ ایونٹ ہے جو ہر سال مئی کے پہلے پیر کو منعقد کیا جاتا ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے نیپالی نژاد امریکی ڈیزائنر پربال گرونگ کے ڈیزائن کردہ جوڑے کو زیب تن کر کے میٹ گالا میں ڈیبیو کیا، اداکارہ نے سفید رنگ کا میکسی نما گاؤن زیب تن کیا تھا جس میں ایک لاکھ سے زیادہ موتی جڑے گئے تھے۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ مجھے ہمیشہ سے ہی چینل (Chanel) برائیڈز کے ملبوسات نےگرویدہ کیا، تاہم میرا میٹ گالا کا لُک 1992 کی سپر ماڈل Claudia Schiffer کی چینل برائیڈ لُک سے متاثر ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے لباس میں استعمال ہونے والے موتی بھارت میں تیار کیے گئے ہیں، ایک لڑکی کبھی بھی اس سے زیادہ موتیوں کا استعمال نہیں کرسکتی، اس جوڑےکے ساتھ میرے لُک کو مکمل کرنے کے لیے میرے بالوں میں موتیوں کی بو (bow) کو بھی سجایا گیا ہے۔
دوسری جانب پریانکا چوپڑا اپنے شوہر نک جونس کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں، جنھوں نے ڈیزائنر ویلنٹینو کا سیاہ رنگ کا اسٹریپ لیس گاؤن اور ڈائمنڈ نیکلس پہنا تھا، سوشل میڈیا پر ان کے ڈائمنڈ نیکلس کے کافی چرچے ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ 11.6 کیرٹ کے اس ڈائمنڈ نیکلس کی قیمت 25 ملین ڈالرز یعنی تقریباً 204 کروڑ بھارتی روپے ہے جبکہ اگر دیگر فنکاروں کی بات کی جائے تو کئی شخصیات کے منفرد انداز نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب رکھیں۔
امریکی ریپر ڈوجا کیٹ بلی نما کاسٹیوم پہن کر سب کی توجہ کا مرکز بنیں۔ عالمی ووگ میگزین کی رپورٹر نے ڈوجا کیٹ کے منفرد لباس سے متعلق متعدد سوال پوچھے جس کے ہر جواب میں ریپر نے ’میاؤں‘ کہا، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔
امریکی اداکار جیریڈ لیٹو جن نے بھی بلی کاسٹیوم پہنا جو ہر کسی کی توجہ کا مرکز بنے رہے، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’وہ اس بار اصل بلی کی طرح دکھنا چاہتے تھے، آنجہانی ڈیزائنر کارل لیگر فیلڈ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی پالتو بلی کا کاسٹیوم پہنا۔
امریکی گلوکارہ ریحانہ نے بھی میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر سفید رنگ کا لانگ گاؤن پہن کر چار چاند لگائے، برطانوی اداکارہ دعا لیپا، امریکی اداکارہ پینیلوپ کروز اور اینی ہیتھوے ہمیشہ کی طرح اسٹریپ لیس لباس میں دلکش لگ رہی تھیں۔

Back to top button