عاصم اظہر کا نارویجن گلوکارہ کے اشتراک سے گانا ریلیز کرنے کا اعلان

معروف پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے ناروے کی گلوکارہ ایسٹرڈ ایس کے اشتراک سے نیا گانا ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے، انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں عاصم اظہر نے بتایا کہ نیا گانا ’’ڈارکسٹ آور‘‘ جلد ریلیز کیا جائے گا۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ گلوکار عاصم اظہر پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ہیں، تاہم انہوں نے ایک اور کامیابی اپنے نام کرلی ہے، وہ نارویجن گلوکارہ اور نغمہ نگار ایسٹرڈ ایس (Astrid S) کے ساتھ اپنا پہلا گلوبل اشتراک کرنے جا رہے ہیں۔
یہ عاصم اظہر کا کسی بھی بین الاقوامی فنکار کے ساتھ پہلا اشتراک ہوگا، گلوکار عاصم اظہر کا ایسٹرڈ کیساتھ اشتراک کردہ نیا گانا ’ڈارکسٹ آور‘ (darkest hour) جلد ریلیز کیا جائے گا جس میں اُردو کے بول عاصم اظہر گنگنا رہے ہیں۔
عاصم اظہر نے یہ خبر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شئیر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ان کی پہلا عالمی اشتراک جلد ریلیز ہوگا، نارویجن گلوکارہ ایسٹرڈ ایس نے بھی گانے کا ٹیزر انسٹاگرام پر شیئر کیا اور لکھا کہ میں یہ بتاتے ہوئے بے حد خوش ہوں کہ عاصم اظہر کے ساتھ میں پہلی مرتبہ گلوبل اشتراک کرنے جا رہی ہوں۔
گلوکارہ نے عاصم کی آواز کی تعریف بھی کی، انہوں نے لکھا کہ چند ہی ہفتوں میں وہ بھارت جائیں گی، جہاں وہ مزید میوزک میں عالمی اشتراک کے حوالے سے کام کریں گی، پاکستانی گلوکار نے عالمی شہرت یافتہ میوزک کمپنی یونیورسل میوزک سے معاہدہ کیا ہے، عاصم اظہر نے یونیورسل میوزک انڈیا کے تحت دستخط کیے، جبکہ ایسٹرڈ ایس نے یونیورسل میوزک کے تحت دستخط کیے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں گلوکار عاصم اظہر کا نیا گانا ’’درد‘‘ ریلیز کیا گیا تھا، اس گانے کی ویڈیو میں اداکارہ درفشاں سلیم جلوہ گر ہوئی تھیں، عاصم اظہر نے گانے کو اپنے یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا جبکہ انسٹا گرام صارفین کو گانے کی ریلیز سے متعلق آگاہ بھی کیا۔
گانے کی موسیقی کوعاصم اظہر نے تشکیل دیا تھا جبکہ اس کے بول کونال ورما نے تحریر کیے تھے، گانے میں محبت ، درد اور بریک اپ کا ذکر ہے، گلوکار عاصم اظہر کا گانا حبیبی گزشتہ برس کا مقبول ترین گانا رہا جو کافی عرصے تک یوٹیوب میوزک پر ٹرینڈ کرتا رہا ہے۔
مداح پر امید ہیں کہ عاصم اظہر کا ہالی ووڈ گلوکارہ کے ساتھ اپنی آواز جگانے کا تجربہ ان کے کیرئیر اور موسیقی سے محبت کرنے والوں کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا۔
