’’اب واٹس ایپ وائس میسج کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا‘‘

دنیا کی سب سے بڑی پیغام رسانی ایپ ’’واٹس ایپ‘‘ نے حیران کن فیچر پر کام شروع کر دیا ہے جس کے مطابق اب صارفین کسی بھی وائس میسج کو تحریر میں تبدیل کر سکیں گے، پیغام رسانی کی دنیا کا یہ فیچر جلد متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔
اس وقت واٹس ایپ سمیت دیگر میسیجنگ ایپلی کیشن میں اس طرح کا کوئی فیچر موجود نہیں، تاہم بعض سوشل ویب سائٹس میں اس سے ملتے جلتے فیچرز موجود ہیں۔
تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ واٹس ایپ کے ماہرین ایک ایسے فیچر کی آزمائش پر کام کر رہے ہیں، جس کے تحت وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
واٹس ایپ اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق ماہرین نے بعض آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کو اس فیچر تک رسائی دے دی ہے، جس کے تحت کسی بھی وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر فیچر میں چند بڑی زبانوں میں آنے والے وائس نوٹس کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔ ابتدائی طور پر انگریزی، ہسپانوی، اطالوی، روسی، ترک، فرینچ، جرمن، عربی، چینی، جاپانی، پورچوگیزی اور کنٹنیز زبان کے وائس میسیجز کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
فیچر کے تحت جیسے ہی کسی صارف کو وائس نوٹ موصول ہوگا، اس کے نیچے ایک بار میں صارف کو یہ آپشن دیا جائے گا کہ وہ چاہیں تو اسے تحریر میں بھی تبدیل کر سکتے ہیں، فیچر عام طور پر صارفین کے لیے اس وقت مددگار ثابت ہوگا جب وہ کسی شور شرابے والی جگہ پر وائس نوٹ سننے کے قابل نہیں ہوں گے۔
اسی طرح فیچر کے تحت صارفین کو کسی خاص جملے کے الفاظ کو دوبارہ سمجھنے اور انہیں پوری تحریر میں تلاش کرنے کے لیے بھی آسانی کا فیچر فراہم کیا جائے گا اور وہ صارفین کنٹرول ایف کے تحت کسی بھی خاص لفظ کو جلد تلاش کر سکیں گے اور ایسے میں تلاش کیا جانے والا لفظ دوسرے رنگ میں تبدیل ہو جائے گا۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ نیا فیچر کب تک عام صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں برس کے اختتام تک متعارف کرا دیا جائے گا، صارفین کی بڑی تعداد نے فیچر سے متعلق دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
