بشریٰ انصاری پہلی مرتبہ سٹینڈ اپ کامیڈی کیلئے راضی ہوگئیں

اپنے لازوال کرداروں سے ڈراموں اور فلموں کو ہٹ کرنیوالی اداکارہ بشریٰ انصاری اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ اسٹینڈ اپ کامیڈی کرتے دکھائی دیں گی، جی ہاں! بشریٰ انصاری زندگی میں پہلی بار ایک گھنٹے دورانیے کا طویل اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کریں گی، جس کی تیاریاں جاری ہیں اور اسے آئندہ ماہ سے شروع کر دیا جائے گا۔
بشریٰ انصاری معروف سٹیج تھیٹر پروڈکشن کمپنی ’کاپی کیٹس‘ کے ساتھ مل کر ’ملکہ تبسم، بشریٰ انصاری‘ کے نام اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کریں گی، جسے سب سے پہلے کراچی آرٹس کونسل میں دکھایا جائے گا۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ بشریٰ انصاری تنہا اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کریں گی، اس سے قبل وہ کئی سال تک پی ٹی وی سمیت سٹیج تھیٹرز میں انور مقصود اور معین اختر سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ اسٹینڈ اپ اور کامیڈی شو کرتی دکھائی دیتی تھیں۔
بشریٰ انصاری نے معین اختر اور انور مقصود کے ساتھ پی ٹی وی پر کئی لازوال کامیڈی شو کیے جبکہ انہوں نے دیگر اداکاروں کے ساتھ بھی ٹیلی وژن اور تھیٹر پر یادگار کام کیا، لیکن وہ پہلی بار تن تنہا اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کریں گی۔اسی حوالے سے کاپی کیٹس پروڈکشن کے سربراہ ہدایت کار محمود داوڑ نے کہا کہ وہ بشریٰ انصاری کے ساتھ کافی عرصے سے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کرنا چاہتے تھے لیکن ایسا ممکن نہیں ہو پا رہا تھا، لیکن اب وہ جلد لیجنڈری اداکارہ کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
بشریٰ انصاری نے بھی محمود داوڑ کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے تک دیگر منصوبوں میں مصروف رہیں، جس وجہ سے انہوں نے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کے لیے حامی نہیں بھری تھی لیکن اب وہ محمود داوڑ کے ساتھ معاہدہ کر چکی ہیں اور وہ تنہا اسٹینڈ اپ شو کرنے کے حوالے سے پرجوش ہیں۔بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے نعمان اعجاز اور بہروز سبزواری سمیت دیگر اداکاروں کے ساتھ مل کر امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں بھی سٹیج پرفارمنسز کی ہیں، تاہم وہ پہلی بار تنہا اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کریں گی، جس کی وجہ سے وہ تھوڑا سا گھبراہٹ کا بھی شکار ہیں۔
ان کے مطابق اسٹیج کے سامعین دوسری طرح کے ہوتے ہیں اور لوگوں کے سامنے براہ راست پرفارمنس کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا جبکہ تنہا کامیڈی کرنا اور بھی مشکل ہوجاتا ہے۔محمود داوڑ نے ملکہ تبسم بشریٰ انصاری‘ کے حوالے سے مزید بتایا کہ شو کو کراچی آرٹس کونسل میں 14 جون سے دکھانا شروع کیا جائے گا اور مسلسل 21 جولائی تک یومیہ وہاں ایک شو دکھایا جائے گا، تاہم بعض دنوں میں اس کے دو شو بھی دکھائے جائیں گے، کراچی کے بعد شو کو 20 دن کے لیے اسلام آباد اور آخر میں 20 دن کے لیے لاہور میں دکھایا جائے گا۔ملکہ تبسم بشریٰ انصاری‘ کی ہدایات محمود داوڑ دیں گے جبکہ اس کا سکرپٹ سید نینی لکھیں گی اور بشریٰ انصاری سٹیج پر تنہا ایک گھنٹے تک شائقین کو محظوظ کریں گی۔
