سیالکوٹ رنگ روڈ، کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے سے معیشت کو فروغ ملے گا: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ رنگ روڈ، کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے سے معیشت کو فروغ ملے گا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام شروع کیا جائے گا، جبکہ کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے منصوبہ بھی عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کے بقول ان منصوبوں سے شہر میں نمایاں تبدیلی آئے گی اور سیالکوٹ کی معاشی اہمیت مزید بڑھے گی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دھکے کے بغیر کوئی چیز نہیں چلتی، اس لیے سیاست دانوں اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں سے شہر کی متعدد یونین کونسلیں براہِ راست مستفید ہوں گی اور علاقے کی ترقی کا عمل تیز ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہلے سے منظور شدہ منصوبوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں مقررہ وقت میں مکمل کیا جا سکے۔
خواجہ آصف کے مطابق کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے منصوبے کا تقریباً 205 ارب روپے کا ٹھیکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو دیا جا چکا ہے، جبکہ دریائے چناب پر زیر تعمیر پل بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیالکوٹ جی ٹی روڈ سے براہِ راست منسلک نہ ہونے کے باعث نظر انداز ہوتا رہا، تاہم نواز شریف نے شہر کو موٹروے سے جوڑ کر اس محرومی کا ازالہ کیا۔ ان کے مطابق رنگ روڈ کے پہلے مرحلے میں وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، پسرور روڈ اور کشمیر روڈ کو آپس میں منسلک کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
بلوچستان میں دھرنا ختم ہونے کی راہ ہموار، فریقین میں تحریری معاہدہ طے
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مالی دباؤ کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو مؤخر نہیں کیا، جس پر وہ اور اہلِ سیالکوٹ ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا بھی موٹروے منصوبے کی منظوری اور پیش رفت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے شہر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
