عمران کو قتل کی دھمکیاں:عطاتارڑ سمیت دیگر پر دہشتگردی کا مقدمہ

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کومبینہ طور پرقتل کی دھمکیاں دینے پر حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطاتارڑ،سابق لیگی وائس چیئرمین رائے قمر سمیت دیگر افراد پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

درج مقدمہ کے مطابق ایک جلسے میں عطا تارڑ اور سائرہ افضل تارڑ نے رائے قمر کو کہا کہ ’عمران خان کے واجب القتل ہونے کی بات نہ بھولنا، اس کے بعد رائے قمر نے تقریر شروع اور حقائق کے برعکس لوگوں کو مذہبی اشتعال دلایا اور عمران خان کو واجب القتل قرار دیا اور قتل کرنے کا کہا،اس اعلان کے بعد وہاں موجود ن لیگی قیادت نے تالیاں بجائیں اور رائے قمر کو شاباش دی۔ عطا تارڑ، سائرہ افضل تارڑ اور دیگر افراد نے عمران خان کے خلاف مذہب کارڈ استعمال کیا اور جان بوجھ کر ایسے الفاظ استعمال کیے جن سے ملک میں مذہبی منافرت پھیلے اور فساد پیدا ہو۔

عمران پر حملہ کرنے والے جنونی پلمبر نے پستول کیسے خریدا؟

ایف آئی آر کے مطابق یہ خبر ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر پھیلنے سے ملک کی سب سے بڑی جماعت کے کارکنوں کے جذبات مجروح ہوئے۔عمران خان کی زندگی کو ن لیگ کی قیادت سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ ملزم رائے قمر نے بھرے اجتماع میں عطا تارڑ، سائرہ افضل تارڑ اور محمد بخش تارڑ کے مشورے سے ایسے الفاظ استعمال کیے۔

درج مقدمہ میں استدعا کی گئی ملزمان پر مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے اور سزا دلوائی جائے۔ پولیس نے رائے قمر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے (ن) لیگ کے عہدیدار رائے قمر کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سنگین دھمکیاں دینے کا نوٹس لیا ہے۔پرویز الہٰی نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ قتل کی دھمکیاں دینے والے کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور عمران خان کو دھمکیاں دینے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے دہشت گردی کا مقدمہ درج ہونے پر ردعمل میں کہا کہ لگے ہاتھوں وزیر آباد کا بھی کروا لینا تھا، وقوعے کو کافی دن ہو گئے ہیں۔ مجھ پر تو دہشت گردی کے جھوٹے پرچے ہوتے رہے ہیں ،کوئی نئی بات نہیں۔

Related Articles

Back to top button