خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے وارنٹ جاری کرنے کی تنبیہ

خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی۔
عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ میں سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی۔
سول جج رانامجاہد رحیم کا کہنا تھا کہ آج اگر عمران خان نہیں آتے تو وارنٹ جاری کردوں گا، جج کا کہنا تھا کہ عمران خان عدالتی اوقات میں نہ آئے تو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کروں گا، عدالت نے سماعت میں 12:30 بجے تک وقفہ کر دیا۔
خیال رہے کہ عدالت نے عمران خان کو کیس کی کاپیاں دینے کے لیے آج طلب کر رکھا ہے، عمران خان کا ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونا لازمی ہے، اس کے بعد ہی مقدمے کی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
واضح رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔
